وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے شعبے کی ترقی اور دیہی خوشحالی کو حاصل کرنے کے دوہرے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ آج ورچوئل وسیلے سے زراعت اور دیہی خوشحالی سے متعلق بجٹ کے بعد کے ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کی طرف بڑھنے کا ملک کا عزم بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسے بھارت کی تعمیر کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں جہاں کسان خوشحال اور بااختیار ہوں۔ جناب مودی نے کہا کہ حکومت کی کوشش، اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی کسان پیچھے نہ رہے اور ہر کسان آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو ترقی کا پہلا انجن مانتے ہوئے حکومت نے کسانوں کو فخر کرنے کا مقام عطا کیا ہے۔
جناب مودی نے اجاگر کیا کہ پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کو اب تک تقریباً 3 اعشاریہ سات-پانچ لاکھ کروڑ روپے فراہم کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ اسکیم کے تحت کسانوں کیلئے چھ ہزار روپے کی سالانہ مالی امداد، دیہی معیشت کو مستحکم کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے مرکزی بجٹ میں ’پی ایم دَھن دَھانیہ کرشی یوجنا‘ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ملک میں سب سے کم زرعی پیداوار والے 100 اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
جناب مودی نے کہا کہ آج زرعی پیداوار ریکارڈ سطح پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں زرعی پیداوار 265 ملین ٹن سے بڑھ کر 330 ملین ٹن سے زیادہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغبانی فصلوں کی پیداوار 350 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ یہ حکومت کے ’بیج سے بازار تک‘ پروگرام جیسے اقدامات سے ممکن ہوا ہے۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ حالیہ برسوں میں کی جانے والی کوششوں کے سبب ملک میں دالوں کی پیداوار میں خاطرہ خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، تاہم، دالوں کا 20 فیصد گھریلو استعمال اب بھی درآمدات پر منحصر ہے، جس کی وجہ سے دالوں کی پیداوار میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ دالوں کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے جدید بیجوں کی فراہمی کو برقرار رکھنا اور ہائبرڈ اقسام کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔
جناب مودی نے اجاگر کیا کہ آج لوگ، غذائیت کے بارے میں بہت زیادہ بیدار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باغبانی، ڈیری اور ماہی پروری کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ان شعبوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کہ پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے مختلف پروگراموں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بہار میں مکھانا بورڈ کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا سرکار دیہی معیشت کو خوشحال بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ پی ایم آواس یوجنا گرامین کے تحت کروڑوں غریبوں کو مکانات مہیا کرائے جا رہے ہیں۔ اسی طرح سوامتوا یوجنا نے جائداد کے مالکان کو جائیداد کے حقوق کا ریکارڈ فراہم کیا ہے۔
جناب مودی نے زورے کر کہا کہ اِس سال کے مرکزی بجٹ میں دیہی خوشحالی اور ترقی کے پروگراموں کیلئے کیے گئے اعلانات نے روزگار کے متعدد نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ وزیر اعظم نے سبھی سے زور دے کر کہا کہ وہ اِن اسکیموں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تبادلہئ خیال کریں اور اپنی رائے دیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ بجٹ کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے متحد ہوکر کام کریں۔
Site Admin | March 1, 2025 9:39 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومت، زرعی شعبے کی ترقی اور دیہی خوشحالی کے دوہرے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے