وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اختراع سے متعلق ایک جدید ایکونظام کی تشکیل کی خاطر تحقیق میں آسانی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ جناب مودی آج نئی دلّی کے بھارت منڈپم میں اُبھرتی ہوئی سائنس وٹیکنالوجی سے متعلق اختراعی کانکلیو2025کے افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے تحقیق وترقی اور اختراع سے متعلق ایک لاکھ کروڑ روپئے مالیت کی اسکیم کا بھی آغاز کیا جس کا مقصد ملک میں تحقیق وترقی سے متعلق ایکونظام کو فروغ دینا ہے۔
جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ ملک ٹیکنالوجی کو محض استعمال کرنے کی بجائے اب ٹیکنالوجی سے متعلق یکسر تبدیلی میں ایک قائدانہ رول ادا کر رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے معاملے میں ملک کی ترقی محدود نہیں بلکہ سب پر ظاہر ہے۔ انھوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ دنیا کا سب سے کامیاب ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ ملک میں قائم کیا گیا ہے۔