December 29, 2024 3:28 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتی آئین ملک کو راستہ دکھانے والی ایک روشنی کی مانند ہے، جو وقت کی کسوٹی پر کھرا اترا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتی آئین، ملک کیلئے راستہ دکھانے والی ایک روشنی کی مانند ہے اور کہا کہ یہ بہت فخر کی بات ہے کہ اگلے سال 26 جنوری کو بھارتی آئین کے 75 سال مکمل ہورہے ہیں۔ آکاشوانی پر ”من کی بات“ پروگرام میں، ملک کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ آئین ہر اعتبار سے وقت کی کسوٹی پر کھرا اترا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئین کی وراثت کے ساتھ عوام کو منسلک کرنے کیلئے ایک خصوصی ویب سائٹ constitution75.com بنائی گئی ہے۔

مہا کنبھ کا تذکرہ کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ 13 جنوری سے پریاگ راج میں مہا کنبھ ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ پریاگ راج میں سنگم کے کنارے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔  جناب مودی نے بتایا کہ وہ چند روز پہلے پریاگ راج گئے تھے اور ایک ہیلی کاپٹر سے کنبھ کے پورے علاقے کا منظر دیکھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار کنبھ کے میلے میں AI Chatbot کا استعمال کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں منافرت اور عوام کو بانٹنے کے جذبے کو ختم کریں۔ ”مہاکنبھ کا سندیش، ایک ہو پورا دیش“ کا نعرہ دیتے ہوئے، جناب مودی نے گنگا کے بلارکاوٹ بہاؤ کی طرح ایک غیرمنقسم معاشرے کے تئیں پُر امیدی کا اظہار کیا۔  Animation کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، جناب مودی نے، اِس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ کِرش، تِرش اور Baltiboy یعنی KTB ایک ایسی Animation سیریز ہے، جو بچوں میں کافی مقبول ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تین Animation کردار بھارت کی جدوجہدِ آزادی سے وابستہ سرکردہ دِلیر مردوں و خواتین کے بارے میں لوگوں کو بتاتے ہیں، جن کے بارے میں کوئی خاص چرچہ نہیں ہوتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی Animation فلموں، ریگولر فلموں اور ٹی وی سیریلز کی مقبولیت سے اِس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ بھارت کی تخلیقی صنعت کی کس قدر صلاحیت ہے۔ جناب مودی نے ”ایک بھارت، شریشٹھ بھارت“ کے جذبے کو مستحکم بنانے کیلئے فلم اور تفریحی صنعت کو مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پہلی بار بھارت میں اگلے سال Audio Visual عالمی تفریحی سربراہ کانفرنس WAVES کا اہتمام کیا جائے گا۔  جناب مودی نے کہا کہ WAVES سَمِٹ کے دوران میڈیا اور تفریحی صنعت کے سرکردہ افراد اور تخلیقی دنیا کے لوگ بھارت آئیں گے۔

”من کی بات“ کے اِس نشریے میں وزیر اعظم نے صحت کے شعبے میں بھارت کی دو بڑی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی کامیابی ملیریا کے خلاف لڑائی میں ملی ہے۔

انہوں نے اِس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عالمی صحت تنظیم WHO کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2015 اور 2023 کے درمیان ملیریا کے معاملات اور اِس سے ہونے والی اموات میں بھارت میں 80 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔

وزیر اعظم نے سرکردہ عالمی طبی جریدے  Lancetکے ایک مطالعے کا تذکرہ بھی کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں کینسر کا علاج وقت پر شروع کرنے کے امکانات کافی بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت علاج کا مطلب 30 دن کے اندر اندر کینسر کے مریض کا علاج شروع کرنا ہے اور اِس میں آیوشمان بھارت یوجنا نے اہم رول ادا کیا ہے۔ مذکورہ اسکیم کی وجہ سے 90 فیصد کینسر کے مریض اپنا علاج بروقت شروع کرسکے ہیں۔

جناب مودی نے بتایا کہ بَستر ضلعے میں ایک منفرد ”بَستر اولمپکس“ کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ اولمپکس ایک ایسے خطے میں ہورہا ہے، جہاں کبھی ماؤ نوازوں کے تشدد کا زور ہوا کرتا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اِس سے بَستر کی شاندار ثقافت کی عکاسی ہوتی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ سال 2025 دستک دے رہا ہے۔ انہوں نے سبھی لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنے والے سال میں بھارت نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔ جناب مودی نے سامعین پر زور دیا کہ وہ ”من کی بات“ کے توسط سے اپنے ارد گرد ہونے والی منفرد کوششوں کے بارے میں واقف کراتے رہیں۔x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔