وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ بیرونی ممالک پر بھارت کا انحصار اُس کے سب سے بڑے دشمنوں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت کا تقاضا ہے کہ بھارت دنیا کے سامنے ایک خودکفیل ملک کے طور پر خود کو پیش کرے تاکہ2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت کے نظریے کی تکمیل کی جاسکے۔ وزیر اعظم آج بھائونگر میں ’سمدر سے سمردھی‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ بھارت کو ایک بحری سُپر پاور بنانے کے اُن کی حکومت کے نظریے کو پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کا نشانہ 2047تک عالمی بحری تجارت میں اپنی حصے داری کو تین گنا کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک کو خود کفیل بننا چاہئے۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے 32 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ جناب مودی نے 7 ہزار 800 کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے مختلف اہم بحری پروجیکٹوں کے علاوہ ممبئی انٹرنیشنل کروز ٹرمنل کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اب اپنی میراث کو پھر تقویت بخشنے اور ایک عالمی بحری طاقت کے طور پر ابھرنے کیلئے کام کر رہا ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ اِس شعبے میں جلد ہی ’ایک ملک، ایک بندرگاہ‘ عمل کو اختیار کیا جائے گا جس کا مقصد ملک بھر میں بندرگاہوں سے متعلق معاملات کو آسان بنانا ہے۔
بعد میں وزیر اعظم نریندر مودی احمدآباد کے نزدیک قدیمی شہر Lothal گئے اور قومی بحری وراثتی کمپلیکس کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا۔ اس تاریخی مقام پر چار ہزار500 کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت سے زیر تعمیر NHMC ایک وقت میں وادیٔ سندھ کی تحریک کا ایک اہم تجارتی مرکز تھا۔ وزیر اعظم نے دھولیرا اسمارٹ سٹی کا فضائی معائنہ بھی کیا۔