ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

February 23, 2025 3:24 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ترقی کررہا ہے اور دنیا اِس کی تعریف کررہی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے اپنی ایک مضبوط شناخت بنا رہا ہے۔ انہوں نے آج آکاشوانی سے ماہانہ ’من کی بات‘ پروگرام میں یہ بات کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نِت نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے اور اِس کے استعمال میں بھارت کے عوام کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جب وہ پیرس میں مصنوعی ذہانت کے سلسلے میں چوٹی میٹنگ میں شرکت کیلئے وہاں گئے تھے، تو دنیا میں بھارت کی زبردست پیشرفت کی ستائش کی گئی۔

وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں اِس طرف بھی توجہ دلائی کہ مختلف شعبوں میں چاہے وہ خلاء ہو یا پھر مصنوعی ذہانت کا شعبہ ہو، نوجوانوں کی شمولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ خلائی تحقیق سے متعلق بھارت کی تنظیم ISRO نے پچھلے مہینے 100 واں راکٹ چھوڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں لگ بھگ 460 مصنوعی سیارچے خلاء میں بھیجے گئے، جن میں دوسرے ملکوں کے سیارچے بھی شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے سامعین پر زور دیا کہ وہ اِس مہینے کی 28 تاریخ کو سائنس کے قومی دن کے طور پر منائیں اور کسی تحقیقی لیباریٹری، Planetarium یا خلائی مرکز میں جائیں۔ اِس سے اُن میں سائنس کے بارے میں تجسس بڑھے گا۔ جناب مودی نے کہا کہ خواتین کا بین الاقوامی دن ناری شکتی کو سلام کرنے کا ایک خصوصی موقع ہے۔

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ 8 مارچ کو خواتین کے دن کے موقع پر وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو ایک دن کیلئے مختلف شعبوں کی کچھ منتخبہ خواتین کے حوالے کردیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتراکھنڈ میں قومی کھیلوں کا ذکر بھی کیا، جس میں ملک بھر کے 11 ہزار سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ جناب مودی نے Services کی ٹیم کو مبارکباد دی، جس نے سب سے زیادہ سونے کے تمغے جیتے ہیں۔

جناب مودی نے موٹاپے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ وزن اور موٹاپے سے کئی طرح کی بیماریاں اور دوسرے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو چاق و چوبند اور چست درست بنانے کیلئے موٹاپے پن کے مسئلے سے نمٹنا ہوگا۔

آج کی ’من کی بات‘ پروگرام میں وزیر اعظم نے ملک کے مختلف حصوں میں پائے جانے والے جانوروں اور پیڑ پودوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ببر شیر، Hangul، Pygmy Hog اور Lion Tailed Macaque جیسے جانور دنیا میں بھارت کے علاوہ کہیں نہیں پائے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت سے جانوروں کو دیوی دیوتاؤں کی سواری کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے بورڈ کے امتحانات میں ایگزام وائریئرس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تقریر کو ختم کیا۔