ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

August 22, 2025 9:51 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے کولکاتہ میں پانچ ہزار200کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا اور کہا کہ بھارت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج شام کولکاتہ میں پانچ ہزار دو سو کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ اِس موقع پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت کی تاریخ اور مستقبل دونوں میں کولکاتہ کا ایک اہم مقام ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ اب جبکہ بھارت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے، دَم دَم اور کولکاتہ کا اہم شہروں میں بڑا رول ہے۔
جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ سال 2014 سے پہلے ملک میں میٹرو کے صرف 250 کلو میٹر کے Routes تھے، جو اب بڑھ کر ایک ہزار کلو میٹر سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کولکاتہ میں تین میٹرو خدمات کا افتتاح کیا اور جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ جناب مودی نے Noapara-Jai Hind Bimanbandar یلو لائن سیکشن پر جیسور روڈ میٹرو اسٹیشن سے جے ہند Bimanbandar تک میٹرو ٹرین میں سفر بھی کیا۔ اِن تین نئی میٹرو خدمات سے نہ صرف سفر میں کم وقت لگے گا بلکہ رابطوں میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم نے ہاوڑہ میٹرو اسٹیشن پر ایک سب وے کا بھی افتتاح کیا۔ جناب مودی نے قومی شاہراہ نمبر 12 پر 7 کلو میٹر طویل 6 لین والی کونا ایکسپریس وے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس سے ہاوڑہ، آس پاس کے دیہی علاقوں اور کولکاتہ کے درمیان کنکٹی وٹی میں سہولت ہوگی۔
اِس سے پہلے بہار میں گیا میں 12 ہزار کروڑ روپئے مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آپریشن سندور نے بھارت کی دفاعی حکمت عملی میں ایک نئی لائن کھینچ دی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ اب کوئی بھی بھارت میں دہشت گردوں کو بھیج کر یا حملوں کی سازش کرکے بچ نہیں سکتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر دہشت گرد زمین کی گہرائی میں بھی چھپ جائیں تو بھی بھارت کے میزائل اُنھیں وہیں نیست ونابود کردیں گے۔
آج جن پروجیکٹوں کا آغاز کیا گیا ہے اُن میں بجلی، سڑک، صحت، شہری ترقی، پانی کی سپلائی اور ریلویز شامل ہیں۔ جناب مودی نے گیا اور دلّی کے درمیان امرت بھارت ایکسپریس ٹرین اور ویشالی اور کوڈرما کے درمیان بودھ سرکٹ ٹرین کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جس سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور خطے میں اہم بودھ مقامات کیلئے سفر کرنے میں سہولت ہوگی۔ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ دلّی اور گیا کے درمیان امرت بھارت ٹرین کا مقصد جدید طرز کی سہولیات، آرام دہ سفر اور سیفٹی کے ساتھ مسافروں کیلئے سہولیات کو مزید بہتر بناناہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جس امرت بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ہے، اُس سے کم خرچ میں تیز رفتار ریل کے سفر کی سہولت مل سکے گی، جس سے نہ صرف گیا کو قومی راجدھانی کے ساتھ جوڑا جاسکے گا بلکہ آنے والے دیوالی اور چھٹھ تہواروں کے دوران کثیر تعداد میں مسافروں کے سفر کرنے میں بھی آسانی ہوجائے گی۔
آکاشوانی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں دین دیال اُپادھیائے ڈویژن کے ایڈیشنل ڈویژنل ریلوے مینیجر، دلیپ کمار نے بتایا کہ اِس ریل گاڑی سے مسافروں کیلئے کئی طرح کی بہتر سہولیات دستیاب ہوجائیں گی اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو بھی آسانی ہوگی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ٹرین خاص طور پر اُن مسافروں کیلئے فائدے مند ثابت ہوگی جو راجدھانی اور شتابدی ایکسپریس ٹرینوں کا خرچ برداشت نہیں کرسکتے۔ یہ ٹرین ساسارام، ٹُنڈلا اور گووند پوری جیسے دور دراز کے مختلف اسٹیشنوں کو قومی راجدھانی کے ساتھ جوڑے گی۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔