وزیر اعظم نریندر مودی نے وادیِ کشمیر میں پہلی مال بردار ریل گاڑی کی آمد کی یہ کہتے ہوئے ستائش کی ہے کہ یہ خطے کو قومی مال بردار نظام سے مربوط کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو کی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں تجارت اور کنیکٹیوٹی کیلئے ایک اہم دن ہے اور اِس سے ترقی اور خوشحالی، دونوں میں اضافہ ہوگا۔ جناب ویشنو نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ آج پنجاب سے وادیِ کشمیر میں سامان کیلئے مخصوص کیے گئے نئے اننت ناگ Shed پر پہلی مال بردار ٹرین پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نظام کے ذریعے نقل و حمل سے وادیِ کشمیر کے باشندوں کیلئے لاگت میں کمی آئے گی۔
اِس ریل گاڑی نے 18 گھنٹے سے کم وقت میں تقریباً 600 کلو میٹر کا سفر کیا اور اِس کی 21 بوگیوں میں سیمنٹ تھا۔ اِس سنگ میل کے ساتھ وادیٔ کشمیر، اب مکمل طور پر بھارتی ریلوے کے مال بردار کوریڈور سے مربوط ہوگئی ہے، جس سے خطے میں اور خطے سے سامان کی بلا رکاوٹ نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ اِس اقدام سے نقل و حمل کی کم لاگت کے ذریعے مقامی معیشت میں نمایاں طور پر بہتری کا بھی امکان ہے اور اِس سے سامان کو لانے لے جانے میں غیر یقینی کی صورتحال بھی ختم ہوگی کیونکہ سرینگر- جموں شاہراہ پر چٹانوں کے ٹکرے گرنے اور سڑک کے دھنس جانے سے اکثر رکاوٹ رہتی ہے۔ مال بردار ٹرین کے آنے سے سال بھر کنیکٹیوٹی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
Site Admin | August 9, 2025 9:56 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر وادی میں پہلی مال بردار ٹرین کے پہنچنے کی ستائش کی ہے جو خطے کو قومی باربرداری نیٹ ورک کے ساتھ جوڑے گی