وزیر اعظم نریندر مودی نے، پورنیہ ضلعے سے پورے بہار کیلئے آج 40 ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ضلعے کے گلاب باغ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ڈبل انجن والی سرکار، بہار کے لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے بہار میں قومی مکھانہ بورڈ کا بھی آغاز کیا۔ بورڈ کا قیام مکھانے کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گا اور اِس شعبے میں بہار کی عالمی پیمانے پر موجودگی کو مستحکم کرے گا۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ بورڈ، مکھانے کے کسانوں کیلئے بہتر قیمتوں اور اِس شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کام کرے گا۔
بجلی کے شعبے میں وزیر اعظم نے بھاگلپور کے Pirpainti میں ایک دو ہزار 400 میگاواٹ تھرمل پاور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ انھوں نے Kosi-Mechi بین ریاستی دریائی لِنک پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو مشرقی کوسی مین کینال کو توسیع دے گا۔ ریلوے کے شعبے میں وزیر اعظم نے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا اور نئی ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
جناب مودی نے کہا کہ اُن کی حکومت نے GST کی شرحوں میں بہت زیادہ کمی کی ہے، جو نوراتری کے موقعے پر اِس مہینے کی 22 تاریخ سے نافذ ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ اِس کے ساتھ ہی روز مرہ کے استعمال کی اشیاء سستی ہوں گی۔ وزیر اعظم نے پورنیہ ہوائی اڈّے کے نئے سول انکلیو میں Interim ٹرمنل بلڈنگ کا افتتاح کیا اور پہلی کمرشیل پرواز کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ اب پورنیہ ملک کے ہوا بازی کے نقشے پر آگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اِس سے پورنیہ اور سیمانچل کا، ملک کے بڑے شہروں اور کلیدی کمرشیل مراکز کے ساتھ براہِ راست رابطہ ہوگا۔ اس سے پہلے دن میں نو تعمیر شدہ پورنیہ ہوائی اڈّے کے افتتاح کے موقع پر جناب مودی نے کہا کہ اب پورنیہ ملک کی ہوائی بازی کے نقشے پر آگیا ہے۔ اس ایئرپورٹ کے فعال ہونے کے ساتھ ہی پورنیہ سے ملک کے دیگر حصوں کیلئے اندرون ملک پرواز کی خدمات شروع ہوجائے گی۔
وزیر اعظم نے اجاگر کیا کہ غیر قانونی دراندازی کے باعث سیمانچل اور مشرقی بھارت میں بڑا آبادیاتی بحران ابھر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے دراندازوں کی حمایت کرنے اور اُنھیں ووٹ بینک کی سیاست کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کیلئے اپوزیشن اتحاد اور اس کے ایکو نظام کی تنقید کی۔ انھوں نے ملک کو یقین دلایا کہ غیر قانونی دراندازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔