January 19, 2026 9:40 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دلّی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان سے بات چیت کی ہے۔ دفاع، خلا، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کیلئے سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے ہیں

وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دلّی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر آج متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کی۔ میٹنگ کے دوران بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاع، خلاء، توانائی، سُپر کمپیوٹنگ اور فوڈ سیفٹی سے متعلق کئی سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے۔
میٹنگ کے نتائج کے بارے میں میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مِسری نے کہا کہ اِس دوران اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری، خلاء کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اِس کے تجارتی استعمال سے متعلق مشترکہ اقدامات اور گجرات کے ڈھولیرا میں خصوصی سرمایہ کاری خطے کی ترقی میں متحدہ عرب امارات کی شمولیت سے متعلق کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
جناب مِسری نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں نے HPCL انڈیا اور Adnoc Gas UAE کے درمیان خرید و فروخت سے متعلق معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔ جناب مِسری نے کہا کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات، بھارت میں سپُر کمپیوٹنگ کلسٹر کے قیام پر بھی رضا مند ہوگئے ہیں۔ خارجہ سکریٹری نے مزید کہا کہ فریقین، سال 2032 تک دو طرفہ تجارت کو دو گنا کرکے 200 ارب ڈالر تک لے جانے پر بھی متفق ہوگئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے دہشت گردی کی سبھی شکلوں کی مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، حمایت یا مالی معاونت کرنے والوں کو کسی بھی ملک کی جانب سے محفوظ پناہ گاہ فراہم نہیں کی جانی چاہیے۔ دونوں ملک، دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے اور کالے دھن کو جائز بنانے کی کوششوں کو مستحکم کرنے کیلئے مالیاتی ایکشن ٹاسک فورس کے فریم ورک کے تحت اشتراک جاری رکھنے پر بھی رضامند ہوگئے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔