وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سماجی انصاف کو اُسی وقت یقینی بنایا جاسکتا ہے جب ہر کسی کو اُس کی سماجی اور اقتصادی صورتحال سے قطع نظر انصاف ملے۔ آج شام نئی دلّی میں سپریم کورٹ میں قانونی مدد کی فراہمی کے طریقہ کار کو مضبوط کرنے سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ قانونی مدد، ہر کسی کو انصاف فراہم کرنے کو یقینی بنانے میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے۔ انھوں نے اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لوک عدالتوں اور مقدمات کرنے سے پہلے حل تلاش کئے جانے کے ذریعے لاکھوں تنازعات کو تیزی اور خوش اسلوبی کے ساتھ حل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اپنے دفاع سے متعلق قانونی مدد فراہم کرنے کے نظام کے تحت محض تین برس میں تقریباً آٹھ لاکھ فوجداری مقدمات نمٹائے گئے۔
وزیر اعظم نے قانونی دستاویزات کو مقامی زبانوں میں دستیاب کئے جانے پر بھی زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے انصاف کی فراہمی میں اضافے کی خاطر مختلف اقدامات کئے ہیں اور قانونی بیداری کو فروغ دینا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ کاروبار کرنے اور رہن سہن میں آسانی اُسی وقت ممکن ہے جب انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی کوششیں غریبوں، دلتوں اور معاشرے کے محکوم، استحصال شدہ اور محروم طبقات کو انصاف فراہم کرنے کو یقینی بنا رہی ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ یہ بات واقعی قابل ستائش ہے کہ سپریم کورٹ نے 80 ہزار سے زیادہ احکامات کا 18 بھارتی زبانوں میں ترجمہ کرنے کی پہل کی ہے۔
قانون اور انصاف کے وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا کہ قانونی خدمات سے متعلق قومی اتھارٹی NALSA نے ضرورت مند شہریوں کو قانونی مدد اور خدمات فراہم کرنے میں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔انھوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ ملک میں شروع کئے گئے Tele-Law and Legal Services جیسے اقدامات سے ہر کسی کیلئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا اور ملک بھر میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کو مقدمات کرنے سے پہلے کی صلاح دی گئی ہے۔