وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ سرکار آتم نربھر بھارت کے وژن کے ساتھ کام کررہی ہے اور اُس نے اصلاحات کی رفتار کو تیز کردیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ملک میں پچھلے دس سال کے دوران اصلاحات، مالی نظم و نسق، شفافیت اور جامع ترقی کے تئیں لگاتار اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ترقی، مینوفیکچرنگ، برآمدات اور نیوکلیئر توانائی کے انجن کے طور پر بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں MSMEs سے متعلق ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ مستقل اور لگاتار اصلاحات کی یقین دہانی نے صنعت میں نیا اعتماد پیدا کیا ہے۔ش
انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کی کوششوں نے ملک کی معیشت پر ہونے والے کووڈ کے اثرات کو کم کردیا، جس سے بھارت کو ایک تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بننے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے تمام ممالک بھارت کے ساتھ اپنی تجارتی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ معیشت میں MSMEs کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ MSMEs ملک کی اقتصادی ترقی میں یکسر تبدیلی لانے والا رول ادا کریں گی۔