January 17, 2026 9:53 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال میں مالدہ میں 3 ہزار 250 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا اور ملک کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین نیز چار نئی امرت بھارت ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مغربی بنگال کے مالدہ میں 3 ہزار 250 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے چار نئی امرت بھارت ایکسپریس ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ بھی کیا، جس سے ریاست میں ریل کنکٹی ویٹی اور بنیادی ڈھانچے کو بڑی تقویت ملے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ مغربی بنگال کی ترقی میں تیزی لانے کی مہم کو مالدہ سے نئی رفتار ملی ہے کیونکہ اِن پروجیکٹوں سے سفر کرنے، تجارت اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع دستیاب کرانے میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیر اعظم نے ترنمول کانگریس سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اِس بات کو اجاگر کیا کہ دراندازی، ریاست کا سب سے سنگین چیلنج ہے۔جناب مودی نے کہا کہ یہ سلسلہ ایک ایسے مرحلے پر پہنچ گیا ہے کہ جس سے خطے میں آبادی کا تناسب اور مقامی زبانیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ ایک طرف جہاں کئی امیر ملک، غیر قانونی تارکینِ وطن کو واپس بھیج رہے ہیں، وہیں ترنمول کانگریس سرکار، سیاسی وجوہات سے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو ریاست کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے موقعوں کے فقدان کے ساتھ براہ راست منسوب کیا۔
وزیر اعظم نے ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر مرکز کی بہبود کی اسکیموں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام بھی عائد کیا، جن میں آیوشمان بھارت، پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا اور جَل جیون مشن شامل ہیں۔CAGکی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جناب مودی نے الزام لگایا کہ جو رقومات، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے دستیاب کرائی گئی تھیں، TMC کے لیڈروں نے اُن کا بیجا استعمال کیا۔
اِس تقریب کی خاص بات، بھارت کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کا آغاز ہے، جو مغربی بنگال میں ہاوڑہ اور آسام میں گواہاٹی کو جوڑے گی۔ اِس سے جدید طرز کی سہولیات کے ساتھ طویل دوری کا سفر اور بھی آرام دہ ہو جائے گا۔ جناب مودی نے کہا کہ پورے ملک میں اب ڈیڑھ سو سے زیادہ وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں، جس سے خاص طور پر غریبوں اور متوسط طبقے کے کنبوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔