وزیراعظم نریندر مودی نے ماریشس کو بھارت اور گلوبل ساؤتھ یعنی خطہئ جنوب کے ترقی پذیر اور کم ترقیاتی یافتہ ملکوں کے درمیان ایک اہم پُل سے تعبیر کیا ہے۔ کَل رات پورٹ لوئی میں بھارت نژاد افراد سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت کے ”ساگر“ نظریے میں ماریشس کو اہم مقام حاصل ہے۔ 2015 میں جناب مودی نے ماریشس کے دورے کے موقع پر اِس کا اعلان کیاتھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماریشس محض ایک ساجھیدار ملک نہیں بلکہ بھارت کے کنبے کا حصہ ہے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ یہ رشتہ بہت گہرا ہے اور تاریخ، وراثت اور انسانی جذبے میں اس کی مضبوط بنیاد ہے۔
جناب مودی نے ماریشس کو ترقی کے شعبے میں ہمہ جہت مدد کا یقین دلایا، جس میں نئی پارلیمنٹ کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اِس پروگرام میں ماریشس کے وزیراعظم نوین چندر رام غلام، اُن کی اہلیہ اور کابینہ وزیروں نے بھی شرکت کی۔ جناب مودی کی تقریر میں بحرِ ہند کے خطے کو محفوظ رکھنے کی خاطر اشتراک پر مبنی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
جناب مودی نے ملک کے اعلیٰ ترین سویلین اعزاز سے سرفراز کرنے پر ماریشس سرکار اور وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی آج ماریشس کے قومی دن کی تقریبات میں اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کریں گے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ جب جناب مودی ماریشس کے قومی دن کے جشن میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہے ہیں۔ اِس موقع پر بھارت کا مارچ کرنے والا ایک دستہ، بھارتی فضائیہ کی آکاش گنگا Skydiving ٹیم اور بھارتی بحریہ کا بحری جہاز ”امپھال“ پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کَل پورٹ لوئی میں ماریشس کے اپنے ہم منصب نوین چندر رام غلام کے ساتھ مفید بات چیت کی اور باہمی شراکت داری کو مستحکم بنانے کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، موجودہ اشتراک اور اپنے خصوصی رشتوں کو نئی بلندی پر لے جانے کے لیے نئے طور طریقے تلاش کرنے پر تبادلہئ خیال کیا۔
جِن اہم معاملات پر بات چیت ہوئی، اُن میں دفاع، سیکیورٹی، اقتصادی رابطے اور ثقافتی تبادلے شامل ہیں۔
بعد میں ماریشس کے وزیراعظم کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی ضیافت کے دوران خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ بھارت – ماریشس ساجھیداری تاریخی روابط تک محدود نہیں ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ یہ مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور ایک روشن مستقبل کے لیے مشترکہ نظریے پر مبنی ہے۔
پیش ہے وزیراعظم کے دورے کی خبریں دینے والے ہمارے نامہ نگار کی ایک رپورٹ
V/C Vikalp Shukla
وزیر اعظم نریندر مودی کے ماریشس دورے کے دوسرے دن بھارت اور مارریشس آج مختلف شعبوں میں سمجھوتوں پر دستخط کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی، ماریشس کے وزیر اعظم کے ساتھ سِوِل سروس کالج اور ایریا ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ ماریشس میں اِن دونوں پروجیکٹوں کو بھارت کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم آج وطن واپسی سے پہلے گنگا تالاب کا دورہ کریں گے اور مہا کمبھ سے لایا گیا پوَتر جل چڑھائیں گے۔ گنگا تالاب، ماریشس میں ہندوؤں کا سب سے پوَتر مقام ہے۔