February 27, 2025 9:34 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اتحاد کو اپنی رہنمائی کا بنیادی اصول بنائیں اور اِس سمجھ کے ساتھ کام کریں کہ ملک کی خدمت، پرماتما کی خدمت ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہزاروں برسوں سے مہاکنبھ نے بھارت کے قومی شعور کو مضبوط کیا ہے، جس میں ملک اور معاشرے کیلئے نئی راہوں کی ترغیب دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بار اس طرح کا مہاکنبھ 144 سال کے بعد آیا ہے اور اس نے بھارت کے ترقیاتی سفر میں ایک نئے باب کیلئے پیغام دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پیغام وکست بھارت کا ہے۔ جناب مودی نے اِن خیالات کا اظہار آج ایک بلاگ میں کیا جسے شیئر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک شہری کے طور پر ان کی دعا ہے کہ ہم اپنے بزرگوں اور سنتوں کی یادداشتوں سے نئی تحریک حاصل کریں۔ انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ اتحاد کو اپنی رہنمائی کا اصول بنائیں اور اس سمجھ کے ساتھ کام کریں کہ ملک کی خدمت، پرماتما کی خدمت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک سمیت ہر خطے، ذات اور فرقے کے لوگ مہاکنبھ میں پہنچے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پریاگ راج میں یہ اتحاد کا مہاکمبھ تھا۔ جہاں اس مقدس موقع پر ایک ہی جگہ اور ایک ہی وقت میں 140 کروڑ بھارتیوں کے جذبات یکجا ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سنگم پر جذبات کا سیلاب امڈتا رہا۔ جناب مودی نے کہا کہ ہر عقیدت مند صرف سنگم میں ڈبکی لگانے کے مقصد سے ہی یہاں آیا ہے، جو پوتر گنگا، جمنا اور سرسوتی کا سنگم ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس سے ہر عقیدت مند کا دل جوش و خروش، توانائی اور اعتماد سے بھر گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا نے حیرت سے دیکھا کہ کس طرح کروڑوں لوگ پریاگ راج میں ندیوں کے سنگم پر ایک ساتھ جمع ہوئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان لوگوں کے پاس کوئی رسمی دعوت نہیں تھی اور نا ہی یہاں آنے کے لئے کوئی پیشگی رابطہ تھاکہ کب جانا ہے۔ پھر بھی کروڑوں لوگ خود اپنی سہولت سے مہا کمبھ پہنچے اور پوتر ڈبکی لگائی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اتحاد کا یہ مہا کمبھ ملک کو نئے عزائم کے ساتھ آگے بڑھنے کی تحریک دے گا۔ جناب مودی نے سبھی سے کہا کہ اتحاد کو اپنا اصول بنایئں اور ملک کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔