وزیر اعظم نریندر مودی نے قبائلی برادریوں کو درپیش مشکلات اور ناانصافیوں کے خاتمے اور ترقی کے ثمرات اُن تک پہنچانے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی افراد کی فلاح و بہبود ہمیشہ سے موجودہ حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ جناب مودی نے یہ بات گجرات کے قبائلی اکثریتی ضلع نرمدا کے قصبے Dediapada میں 9 ہزار 700 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ یہ پروجیکٹس جَن جاتیہ گورَو دیوس کے موقع پر شروع کیے گئے، جو عظیم قبائلی رہنما اور مجاہدِ آزادی بھگوان برسا منڈا کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہے۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کا فخر ہزاروں سال سے بھارتی تہذیب و شعور کا اہم حصہ رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت قبائلی زندگی کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
اس سے قبل، جناب مودی نے ممبئی۔احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے گجرات کے سورت میں زیر تعمیر بُلیٹ ٹرین اسٹیشن کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم کل صبح سورت ہوائی اڈّہ پہنچے اور وہاں سے Antroli گئے، جہاں بُلیٹ ٹرین اسٹیشن زیر تعمیر ہے۔ بعد میں، کل شام سورت میں مقیم بہار کے باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے بہار کے عوام کا NDA کو اسمبلی انتخابات میں تاریخی کامیابی دلانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب بہار ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا ثبوت حالیہ انتخابات میں ملا ہے۔