وزیر اعظم نریندر مودی نے تاریخی غزہ امن منصوبے کی کامیابی پر اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ کل رات جناب نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے مذکورہ پہل کے تحت پیشرفت کو سراہا اور خاص طور پر یرغمال بنائے گئے افراد کی رِہائی پر اتفاقِ رائے اور غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی ہمدردی کی امداد میں اضافے کے بندوبست کا خیر مقدم کیا۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر جناب مودی نے اپنے دوست نیتن یاہو کے ساتھ گفتگو کی تفصیلات شیئر کیں اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ٹھوس موقف کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ دنیا میں کہیں بھی کسی بھی طرح کی دہشت گردی ناقابلِ قبول ہے۔ ایک اور پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفون پر اپنی گفتگو کی جانکاری دی۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے تاریخی غزہ امن منصوبے کی کامیابی پر صدر ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور امریکہ کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں مثبت پیشرفت کا جائزہ بھی لیا۔ جناب مودی نے کہا کہ طرفین نے آنے والے ہفتوں میں قریبی رابطہ قائم رکھنے سے اتفاق کیا ہے۔ اس سے اہم عالمی اور دوطرفہ امور پر اشتراک کا سلسلہ جاری رہنے کا اشارہ ملتا ہے۔ اس بات چیت سے بین الاقوامی امن کوششوں میں بھارت کی سرگرم شمولیت اور کلیدی ساجھے داری کو مستحکم بنانے کے اُس کا عہد اُجاگر ہوتا ہے۔×