وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز سری لنکا کے صدر انورا کمارا دِسانائیکے سے ٹیلی فون پر بات کی اور مشکل میں پھنسے لوگوں کی تلاش اور بچاؤ کیلئے آپریشن ساگر بندھو کے تحت بھارت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
جناب مودی نے یقین دلایا کہ بھارت، مہاساگر نظریے اور مدد کا ہاتھ بڑھانے والے پہلے ساتھی کے طور پر آنے والے دنوں میں سری لنکا کو سبھی ضروری امداد فراہم کرتا رہے گا، جن میں باز آباد کاری کی کوششیں، عوامی خدمات کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں گزر بسر کی بحالی جیسے کام شامل ہیں۔ بات چیت کے دوران سری لنکا کے صدر دِسانائیکے نے بھارت کی امداد کے تئیں تشکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بھارت کی جانب سے بچاؤ ٹیموں کی تعیناتی اور راحت سامان کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔
سری لنکا کے صدر نے بھارت کی بروقت اور مؤثر ردِّعمل کی کوششوں پر سری لنکا کے عوام کی جانب سے بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم مودی نے سمندری طوفان Ditwah کی وجہ سے سری لنکا میں بڑے پیمانے پر جان و مال کے نقصان پر تعزیت کا بھی اظہار کیا۔x