وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آج اس بات پر زور دیا کہ پونگل جیسے فصلوں کی کٹائی کے تہوار ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے جذبے کو مضبوط کرتے ہیں۔ جناب مودی آج نئی دلّی میں اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیرِ مملکت ڈاکٹر ایل مروگن کی رہائش گاہ پر منعقدہ پونگل کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد اظہارِ خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمل ثقافت، پورا ملک ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشترکہ ورثہ ہے۔
وزیرِ اعظم مودی نے آئندہ نسلوں کیلئے مٹی کی زرخیزی برقرار رکھنے، پانی کے تحفظ اور وسائل کے دانشمندانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشن لائف، ایک پیڑ ماں کے نام اور امرت سروور جیسے اقدامات اسی جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کسان، ملک کی تعمیر میں ایک اہم شراکت دار ہیں اور ان کی کوششیں خود کفیل بھارت کی مہم کو بڑی قوت فراہم کررہی ہیں۔ کسانوں کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ تمل ثقافت میں کسانوں کو، زندگی کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے۔
آج ملک بھر میں مکرسنکرانتی، پونگل، بیہو اور اُتّراین تہوار منائے جارہے ہیں، جو فصل کی کٹائی کے موقع پر منائے جاتے ہیں۔ ملک کے مختلف خطوں میں الگ الگ ناموں اور رسم ورواج کے ساتھ منائے جانے والے یہ تہوار موسم کی تبدیلی، سورج کے شمال کی جانب بڑھنے اور مہینوں کی سخت محنت کے بعد فصل کے پکنے سے منسوب ہیں۔تمل ناڈو اور پدوچیری میں پورے جوش وخروش کے ساتھ پونگل منایا جارہا ہے۔ مکرسنکرانتی کے موقع پر دریائے گنگا اور جمنا میں لوگوں نے پَوتر ڈبکی لگائی۔ اترپردیش میں ہزاروں عقیدتمند اِس موقع پر پوتر ڈُبکی لگانے کیلئے جمع ہوئے۔ آسام میں ماگھ بیہو روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ گجرات اور ملک کے مغربی حصے میں اُتّراین پتنگوں کا تہوار جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔یہ تہوار ہماری مشترکہ ثقافت اور فطرت کے تئیں اظہارِ تشکر کی عکاسی کرتے ہیں۔صدر جمہوریہ، نائب صدر اور وزیر اعظم نے اِن تہواروں کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
Site Admin | January 14, 2026 9:54 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ پونگل جیسے تہوار ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو مضبوط کرتےہیں۔ انھوں نے کہاکہ تمل ثقافت پورے ملک اور انسانیت کیلئے ایک مشترکہ وراثت ہے