وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ PM دَھن-دھانیہ کرشی یوجنا اور دالوں میں آتم نربھرتا کے مشن جیسی اسکیمیں ملک کے لاکھوں کسانوں کی قسمت کو یکسر تبدیل کردیں گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ اسکیمیں خودکفالت، دیہی بااختیاری اور زرعی اختراعات کے ایک نئے عہد کے آغاز کیلئے وضع کی گئی ہیں۔ انھوں نے ملک کے زرعی نظام میں تیز رفتار ترقی اور اصلاحات کی حصولیابی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نئی دلّی میں 42 ہزار کروڑ روپئے کی مالیت کے کئی پروجیکٹوں اور اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے 11 برسوں میں ملک میں کیمیاوی کھادوں کی چھ نئی کمپنیاں بھی قائم ہوئی ہیں اور زمین کی صحت سے متعلق 25 کروڑ کارڈ کسانوں کو تقسیم کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دالوں میں آتم نربھرتا کے مشن کا مقصد صرف دالوں کی پیداوار میں اضافہ ہی نہیں ہے بلکہ ملک کی مستقبل کی نسلوں کو مستحکم کرنا بھی اس کا مقصد ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ نئے سلسلے کی GST اصلاحات کے ساتھ حکومت نے زرعی آلات پر GST شرحوں میں کمی کرکے کسانوں کو راحت بہم پہنچائی ہے۔ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری کے وزیر راجیو رنجن سنگھ نے، تقریب میں ورچوئل طریقے سے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ PM دھن-دھانیہ کرشی یوجنا مرکوز، اختراعات پر مبنی اور سب کی شمولیت والی ترقی کے ذریعے، زرعی بھارت کو یکسر تبدیل کردے گی۔PM دھن-دھانیہ کرشی یوجنا کا آغاز 24 ہزار کروڑ روپئے کے مخصوص فنڈ کے ساتھ کیا گیا ہے، جس کا مقصد زرعی پیداواریت کو فروغ دینا، فصلوں کے تنوع کو زیادہ سے زیادہ اختیار کرنا، پائیدار زرعی طور طریقوں کو اپنانا اور آبپاشی کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔ دالوں میں آتم نربھرتا کے مشن کو 11 ہزار 440 کروڑ روپئے کے مخصوص فنڈ کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔