September 25, 2025 9:29 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے بانسواڑہ سے پانچ ریاستوں کیلئے ایک اعشاریہ دو لاکھ کروڑ روپئے کی مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انھوں نے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ سودیشی مصنوعات کو خریدیں اور فروغ دیں

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج راجستھان کے بانسواڑہ سے ایک لاکھ 22 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ماہی باندھ کے قریب ناپلا کے مقام پر ماہی بانسواڑہ راجستھان ایٹمی بجلی پروجیکٹ کا بھی سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ پروجیکٹ تقریباً 42 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے مکمل ہوگا۔ اس پروجیکٹ میں چار نیوکلیائی بجلی یونٹس شامل ہوں گے، جس میں ہر ایک یونٹ کی صلاحیت 700 میگاواٹ ہوگی۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر شمسی توانائی، پینے کے پانی، حفظانِ صحت، بنیادی ڈھانچے اور قومی شاہراہوں کے شعبے میں ہزاروں کروڑ روپے کے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح اور آغاز کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ریاست میں تین نئی ریل گاڑیوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔وزیر اعظم نے راجستھان، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، کرناٹک اور مہاراشٹر میں 90 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے بجلی کے پروجیکٹس شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک بڑے عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ ساز و سامان اور خدمات ٹیکس GST کی حالیہ اصلاحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء سستی ہو گئی ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر GST کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا اور زور دے کر کہا کہ GST میں اصلاحات سے معاشرے کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچے گا اور اِس سے کنبوں کیلئے اہم بچت کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے اپنے عزم کو دوہراتے ہوئے، وزیر اعظم نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سودیشی مصنوعات خریدیں اور انہیں فروغ دیں۔ انہوں نے سودیشی کو، ان اشیاء کے طور پر بیان کیا، جو بھارت میں عوام کی محنت اور پسینے سے تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سودیشی کو اپنانا قومی فخر کا معاملہ تصور کیا جانا چاہیے۔
شمسی توانائی سے جوہری توانائی تک ملک کی ترقی پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک کی ترقی میں بجلی کے اہم رول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بجلی کے شعبے کو نظر انداز کیا ہے، جبکہ گزشتہ دہائی میں حکومت نے بجلی کی پیداوار کو وسعت دینے کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کیلئے سازگار توانائی کو عوامی تحریک میں تبدیل کیا رہا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔