وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دلّی بم دھماکے کی سازش رچنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں اِس معاملے کی تہہ تک جائیں گی اور سبھی قصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ جناب مودی آج تھمپو میں بھوٹان کے سابق شاہ جگمے Singye وانگ چُک کے 70ویں یوم پیدائش کی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دلّی واقعے کے پیش نظر غمزدہ دل کے ساتھ تھمپو آئے ہیں۔ کَل شام دلّی میں لال قلعے کے نزدیک ایک طاقتور کار بم دھماکے میں آٹھ افراد کی جان چلی گئی تھی اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ گذشتہ رات دھماکے کی تحقیقات کرنے والی ایجنسیوں کے رابطے میں تھے۔
جناب مودی ہمالیائی ملک کے دو روزہ دورے پر آج صبح بھوٹان کی راجدھانی پہنچے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت اور بھوٹان محض سرحدوں سے ہی مربوط نہیں ہیں بلکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ثقافتی رشتے بھی ہیں اور انھوں نے دونوں کے درمیان توانائی میں اشتراک اور کنکٹی ویٹی میں اضافے پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ مستقبل میں بھوٹان کے دو شہروں کو بھارت کے وسیع ریل نیٹ ورک سے مربوط کرنے کے سلسلے میں ایک فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہ اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے بھوٹان کے صنعتکاروں اور کسانوں کو بھارت کے وسیع بازار تک بہتر رسائی فراہم ہوگی۔