November 23, 2025 9:57 AM | PM G20 Opening Day

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے جوہانسبرگ میں G20 سربراہ کانفرنس کے دوران صحت عامہ، اہم معدنیات نیز منشیات اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 6 نئے اقدامات کی تجویز پیش کی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کل جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں G20 رہنماؤں کی کانفرنس کے پہلے دن عالمی ترقی کیلئے چھ نئے اقدامات کی تجویز پیش کی۔ ان میں عالمی روایتی معلوماتی خزینے کا قیام، افریقہ میں ہُنرمندی اور صلاحیتوں کو کئی گُنا بڑھانے کا پروگرام، عالمی سطح پر حفظان صحت کی خدمات فراہم کرنے والی ٹیم کا قیام، منشیات اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ سے نمٹنے کی پہل، اوپن سیٹلائٹ ڈیٹا پارٹنرشپ اور اہم معدنیات تک مکمل رسائی کا اقدام شامل ہیں۔

سربراہ کانفرنس کے پہلے دن کے دونوں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ یہ اقدامات بھارت کے اُس نقطہئ نظر کی وضاحت کرتے ہیں، جو سبھی کیلئے ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے ضامن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ہمہ جہت ترقی کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی پر مرکوز پہلے اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ G20 کا ”عالمی روایتی معلوماتی خزینے کا قیام“ انسانی تہذیب کی اجتماعی ذہانت کو آنے والی نسلوں کے فائدے کے لیے استعمال کرے گا۔

افریقہ میں ہُنرمندی اور صلاحیتوں کو کئی گُنا بڑھانے کا پروگرام کا مقصد افریقہ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے دس لاکھ تصدیق شدہ ٹرینرز کی ایک بڑی تعداد تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مقامی طور پر صلاحیتیں پیدا ہوں گی اور براعظم افریقہ میں دیرپا ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔

جناب مودی نے G20 گلوبل ہیلتھ کیئر ریسپانس ٹیم قائم کرنے کی بھی تجویز دی، جس میں G20 ممالک کے صحت کے ماہرین شامل ہوں گے، اور عالمی صحت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دنیا کے کسی بھی حصے میں تعینات کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے منشیات اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کا مقابلہ کرنے کیلئے G20 کی ایک پہل کی بھی تجویز پیش کی، تاکہ منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پایا جا سکے نیز منشیات اور دہشت گردی کی معیشت کو ختم کیا جا سکے۔

ایک مستحکم دنیا کے موضوع پر منعقدہ دوسرے اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ اہم معدنیات تک مکمل رسائی کا اقدام ری سائیکلنگ، شہری علاقوں میں کانکنی، سیکنڈ لائف بیٹری پروجیکٹس اور متعلقہ اختراعات کو فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے سپلائی چین کے تحفظ میں مدد ملے گی اور ترقی کے صاف و شفاف نئے راستے کھلیں گے۔

وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پائیداری اور صاف توانائی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ اوپن سیٹلائٹ ڈیٹا پارٹنرشپ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کے تحت G20 کی  خلائی ایجنسیوں کا سیٹلائٹ ڈیٹا ترقی پذیر ممالک، خاص طور پر عالمی خطّہئ جنوب کو زراعت، ماہی گیری، قدرتی آفات کے انتظام اور دیگر سرگرمیوں کیلئے فراہم کیا جائے گا۔×

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔