August 10, 2025 9:43 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے بینگلورو میں میٹرو ریل پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا، جن پر تقریباً 22 ہزار 800 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت، میٹرو نیٹ ورک کے سلسلے میں، عالمی سطح پر دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنی حکومت کے اِس ارادے کو زور دے کر ظاہر کیا ہے کہ وکست بھارت کے وژن کو 2047 تک ممکن بنایا جائے جس میں بھارتی شہری سرگرمی سے حصہ لیں۔
بینگلورو میں Namma میٹرو کے تیسرے مرحلے کے افتتاح کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے، اصلاحات، کارکردگی اور یکسر تبدیلی کے ذریعے، بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنی حکومت کے ہاتھوں کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ انھوں نے بتایا کہ یہ سفر اُس وقت شروع ہوا تھا جب 2014 سے پہلے بھارت، دس کمزور ملکوں میں شامل تھا۔ انھوں نے کہا کہ اب بھارتی معیشت، پانچویں سب سے بڑی اور سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بن چکا ہے۔ میٹرو ریل محض پانچ شہروں سے 24 شہروں تک پہنچ چکی ہے اور میٹرو نیٹ ورک کے ضمن میں بھارت، عالمی سطح پر دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔
اِس سے پہلے وزیر اعظم نے بینگلورو میں میٹرو پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا، جن پر تقریباً 22 ہزار800کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔ انھوں نے بینگلورو اور بیلگاوی کے درمیان وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انھوں نے امرتسر اور کٹرہ کے درمیان وندے بھارت ٹرین نیز ناگپور سے پُنے تک ایک اور ٹرین کو بھی ورچوئل وسیلے سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وندے بھارت ریل گاڑیاں، عالمی سطح کی سہولیات سے لیس ہیں۔وزیر اعظم نے اِس کا ذکر کرتے ہوئے کہ آپریشن سندور کے بعد یہ بینگلورو کا اُن کا پہلا دورہ ہے، آپریشن سندور میں بھارتی فوجوں کی کامیابی کو اجاگر کیا۔ انھوں نے سرحد پار کافی اندر کے علاقوں میں دہشت گردوں کی کمیں گاہوں کو تباہ کرنے کی بھارتی فوجوں کی صلاحیت کا ذکر کیا۔ انھوں نے پاکستان کو چند گھنٹے میں ہی جھکنے پر مجبور کرنے میں بھارت کی طاقت کا ذکر کیا، کیوں کہ پاکستان نے دہشت گردوں کا دفاع کیا تھا۔ پوری دنیا نے نیو انڈیا کا یہ نیا چہرہ دیکھا۔ وزیر اعظم نے آپریشن سندور کی کامیابی کا سہرا، دفاع کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور ’میک اِن انڈیا‘ کی طاقت کے سر دیا۔
ناگپور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے وزیر اعظم اور ریلوے کے وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ناگپور-پُنے کے اِس مصروف ترین راستے پر وندے بھارت ٹرین فراہم کی۔
جموں کے ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ جموں اور کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انھوں نے امرتسر سے سری ماتا ویشنو دیوی کٹرہ اسٹیشن کے درمیان، وندے بھارت ٹرین کی خدمات فراہم کیں۔ انھوں نے کہا کہ نئی وندے بھارت ٹرین سے سری ماتا ویشنو دیوی کے عقیدتمندوں کیلئے آسان سفر کی یقین دہانی ہوگی اور مقامی معیشت کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔