وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت نے خواتین کو مرکز میں رکھ کر کئی اسکیمیں اور پروگرام شروع کیے ہیں جن سے معاشرے کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچا ہے۔ بہار کے لیے ’’مُکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا‘‘ کے آغاز کے موقع پر نئی دلّی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز میں اُن کی قیادت میں اور بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ڈبل انجن سرکار، خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ اس اسکیم کے تحت پندرہ لاکھ سے زیادہ خواتین مستفیدین کو ان کے بینک کھاتوں میں براہِ راست دس ہزار روپے فی کس منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیاد 11 سال پہلے ”پردھان منتری جن دھن یوجنا” کے ذریعے رکھی گئی تھی، جس نے لاکھوں خواتین کے بینک کھاتے کھولنے کو ممکن بنایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ مالی امداد خواتین کے کھاتوں میں براہِ راست منتقل کی جا رہی ہے اور اس میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
’’مُکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا‘‘ کو نوراتری کا تحفہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ ڈبل انجن سرکار کی کوششوں سے بہار میں سب سے زیادہ ’’لکھپتی دیدی‘ سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے تین کروڑ خواتین کاروباری بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور دو کروڑ سے زیادہ خواتین پہلے ہی گاؤں میں ابھر کر آچکی ہیں جو معاشرے اور کنبے کی کایا پلٹ کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں کا مقصد ایک ہی ہے۔
انہوں نے اجاگر کیا کہ ’مُدرا‘، ’ڈرون دیدی‘، ’بیمہ سکھی‘ اور ’بینک سکھی‘ جیسی اسکیمیں، روزگار اور خود روزگار کے مواقع بڑھا رہی ہیں۔ ’جن دھن یوجنا‘ کے تحت 30 کروڑ خواتین کے بینک کھاتے کھولے گئے ہیں، جو آدھار اور موبائل نمبروں سے منسلک ہیں تاکہ بغیر کسی بچولیے کے اُن تک فوائد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اسکیموں کے فوائد خواتین تک ’فوائد کی براہ راست منتقلی‘ کے ذریعے پہنچ رہے ہیں۔
بہار کی اس روزگار اسکیم کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ہر گھر کی کم از کم ایک خاتون کو روزگار مل جائے تو پورے معاشرے میں یقینی طور پر خوشحالی آجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم بنیادی رقم کے طور پر دو لاکھ روپے تک کی مالی امداد بھی فراہم کرتی ہے تاکہ خواتین کرانہ، برتن، کھلونے، مویشی پروری اور کاسمیٹکس جیسے شعبوں میں چھوٹے کاروبار شروع کر سکیں۔
Site Admin | September 26, 2025 9:41 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کیلئے خواتین روزگار اسکیم کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر مرکوز اسکیموں اور پروگراموں نے معاشرے کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچایا ہے