March 6, 2025 9:53 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے امداد باہمی کے سیکٹر کو وسعت دینے کیلئے امداد باہمی کی عالمی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے امداد باہمی کے سیکٹر کو وسعت دینے کیلئے امداد باہمی کی عالمی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جناب مودی نے امداد باہمی کے اداروں کے ذریعے نامیاتی مصنوعات کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیر اعظم نے آج ملک میں امداد باہمی کے سیکٹر کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔
اِس میٹنگ میں امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ اور حکومت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران جناب مودی نے زرعی طور طریقوں میں بہتری لانے کیلئے مٹی کی جانچ کا ماڈل تیار کرنے اور برآمدات پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے مالی لین دین میں سہولت فراہم کرنے کیلئے UPI کو RuPay اور کسان کریڈٹ کارڈ کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل سرکاری بنیادی ڈھانچے Agristack کے استعمال کی سفارش کرتے ہوئے ایک زیادہ پائیدار زرعی ماڈل کے طور پر امداد باہمی پر مبنی زراعت کو فروغ دینے کے بارے میں بھی بات کی تاکہ اس شعبے میں زراعت اور متعلقہ سرگرمیوں کو وسعت دی جاسکے۔ جناب مودی نے اسکولوں، کالجوں اور انڈین انسٹی ٹیوٹ مینجمنٹ میں امداد باہمی سے متعلق کورسز متعارف کرانے کی بھی تجویز پیش کی۔
انہوں نے آنے والی نسلوں کو تحریک دینے کیلئے امداد باہمی کے کامیاب اداروں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کو گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران امداد باہمی سے متعلق قومی پالیسی اور امداد باہمی کی وزارت کی اہم حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔