وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اعتماد ظاہر کیا کہ بھارت مسلسل اصلاحات، بہتر کارکردگی اور تبدیلی کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جلد ہی دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے گا۔ نئی دلّی میں بھارت-روس کاروباری فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اجاگر کیا کہ بھارت اور یوریشیائی اقتصادی یونین کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے FTA پر بات چیت شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تجارت ہو یا سفارت کاری، کسی بھی ساجھیداری کی بنیاد باہمی اعتماد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی اعتماد بھارت-روس تعلقات کی سب سے بڑی طاقت ہے، جو دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کو سمت اور رفتار فراہم کرتا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ بھارت اور روس اب اختراع، مشترکہ پیداوار کرنے اور مشترکہ طور پر تیار کرنے کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک الیکٹرک گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ، آٹوموٹیو کل پرزے اور وائرلیس موبیلٹی ٹیکنالوجی میں اشتراک کرسکتے ہیں، جو خصوصاً افریقہ سمیت عالمی خطہئ جنوب کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔