وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ماہ آٹھ روزہ دورے پر گھانا، ٹری نیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو، ارجنٹینا، برازیل اور نامیبیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اگلے ماہ کی دو اور تین تاریخ کو وزیر اعظم گھانا جائیں گے۔ یہ گھانا کا وزیر اعظم کا اوّلین دورہ ہوگا۔ اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم، گھانا کے صدر سے بات چیت کریں گے۔ دونوں ملک مضبوط باہمی شراکت داری کا جائزہ لیں گے اور مزید مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے تاکہ اقتصادی، توانائی اور دفاعی شراکت داری کو فروغ دیا جاسکے اور تعاون پر مبنی شراکت داری میں اضافہ ہو۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں جناب مودی تین اور چار جولائی کو ٹری نیڈاڈ اور اینڈ ٹوبیگو کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم وہاں کے صدر کرسٹین کارلا کنگالو اور وزیر اعظم کملا پرساد بسیسر سے بات چیت کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم ٹری نیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ چار اور پانچ جولائی کو اپنے دورے کے تیسرے مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی ارجنٹینا جائیں گے۔ جناب مودی صدر Milei کے ساتھ باہمی مذاکرات کریں گے۔ دونوں لیڈر دفاع، زراعت، کانکنی، تیل اور گیس، قابل تجدید توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں بھارت-ارجنٹینا شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کریں گے اور جاری تعاون کا جائزہ لیں گے۔وزیر اعظم پانچ اور آٹھ جولائی کو سترھویں برکس سربراہ کانفرنس 2025میں شرکت کیلئے برازیل جائیں گے۔ یہ برازیل کا اُن کا چوتھا دورہ ہوگا۔
سترھویں برکس سمٹ Rio De Janeiro میں منعقد ہوگا۔ اس سمٹ کے دوران، وزیر اعظم امن اور سلامتی، کثیر سطحیت کو مستحکم کرنے، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال، آب وہوا سے متعلق کارروائی، عالمی صحت، اقتصادی اور مالیاتی امور سمیت مختلف اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
توقع ہے کہ وزیر اعظم سمٹ کے موقع پر کئی لیڈروں کے ساتھ باہمی میٹنگیں بھی کریں گے۔ وزیر اعظم براسیلیا بھی جائیں گے جہاں وہ صدر لولا کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان کلیدی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وزیر اعظم 9 جولائی کو نامیبیا جائیں گے۔ اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم نامیبیا کے صدر Nandi-Ndaitwah کے ساتھ باہمی مذاکرات کریں گے۔ وزیر اعظم نامیبیا کی پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گے۔