وزیر اعظم نریندر مودی آج چھتیس گڑھ کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ اپنے دورے میں جناب مودی راجدھانی رائے پور میں سِلور جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے، جو اِس ریاست کے قیام کے 25 سال پورے ہونے کے موقعے پر منائی جا رہی ہیں۔
اِس موقعے پر وزیر اعظم 14 ہزار 260 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ریاست میں قیام کے دوران وہ 4 دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی آج رائے پور میں اپنے دورے میں، شری ستیہ سائیں سنجیونی اسپتال میں ”دِل کی بات“ پروگرام کے حصے کے طور پر، تقریباً ڈھائی ہزار بچوں سے بات چیت کریں گے۔ اِس اسپتال میں، اِن بچوں کے دِل کی پیدائشی بیماریوں کا، کامیاب علاج کیا گیا ہے۔
بعد میں وزیر اعظم پرجا پِتا برہمّا کماری کے شانتی شِکھر کا افتتاح کریں گے، جو روحانیت، امن اور Meditation کا ایک جدید مرکز ہے۔
وزیر اعظم، چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کریں گے اور سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ اِس کے بعد وہ نوا رائے پور میں شہید ویر نرائن سنگھ کی یادگار اور قبائلی مجاہدِ آزادی کے میوزیم کا افتتاح کریں گے۔
اِس میوزیم میں، چھتیس گڑھ کے قبائلی لوگوں کے حوصلے، قربانی اور وطن پرستی کو نمایاں کیا گیا ہے۔
دوپہر کے وقت وزیر اعظم، چھتیس گڑھ کی سِلور جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ اِس موقعے پر ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ سڑکوں، صنعت، حفظانِ صحت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اِن پروجیکٹوں پر 14 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ خرچ آئے گا۔×