وزیر اعظم نریندر مودی آج نئی دلّی میں سیمی کون انڈیا 2025 میں CEOs کی گول میز میں شرکت کریں گے۔ CEO گول میز، صنعتی رہنماؤں کو یکجا کرے گی، تاکہ وہ بھارت کے سیمی کنڈکٹر ایکو نظام اور اُس کی نمو اور ترقی پر تبادلہئ خیال کر سکیں۔ گول میز میٹنگ کے دوران جناب مودی دنیا بھر کے CEOs سے تبادلہئ خیال کریں گے۔
تین روزہ سیمی کون انڈیا 2025 کانفرنس کا کل نئی دلّی کے یَشو بھومی میں جناب مودی کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا تھا۔ اس کانفرنس کا مقصد بھارت کو عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں بھروسے مند ساجھے دار کے طور پر مقام دلانا ہے۔
سیمی کون انڈیا کانفرنس کے افتتاح کے دوران وزیر اعظم نے عالمی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے کی بھارت کی صلاحیت پر زور دیا۔
آنے والے سالوں میں عالمی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ کا حجم ایک ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر جانے کا امکان ہے۔
جناب مودی نے سرمایہ کاروں کے لیے طریقہئ کار کو آسان بنانے، کاغذی کارروائی کو کم کرنے اور ہر طرح سے تیار بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کی حکومت کی کوششوں کو اُجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے بھارت کی سیمی کنڈکٹر ڈیزائن مہارت کو فروغ دینے اور اختراعی ایکو نظام کو تقویت دینے کی خاطر نوجوان کاروباریوں اور اسٹارٹ اَپس سے آگے آنے کی اپیل بھی کی۔