وزیر اعظم نریندر مودی آج تمل ناڈو میں چنئی کے نزدیک Madhuranthagam کے مقام پر NDA اتحاد میں شامل پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ اس کیلئے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ جناب مودی آج دن میں سوا دو بجے کے آس پاس تروننتا پورم سے چنئی پہنچیں گے۔ بعد میں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسے کے مقام پر جائیں گے۔ اس عوامی جلسے میں تقریباً 5 لاکھ لوگوں کے آنے کی امید ہے۔
تقریب کے مقام کے اطراف سبھی اتحادی پارٹیوں کے رنگ برنگے جھنڈوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع میں ڈرون اور غباروں کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے۔ GST روڈ صبح سات بجے سے شام سات بجے تک بھاری ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔ BJP کے سینئر لیڈر اور تمل ناڈو کے چناؤ انچارج پیوش گوئل تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر میں ہیں اور رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں۔ ریاستی اپوزیشن لیڈر اور AIADMK کے جنرل سکریٹری Edappadi Palanisamy سابق مرکزی وزراء اور دیگر رہنما اس موقع پر موجود رہیں گے۔ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں یہ پہلی سیاسی اور عوامی تقریب ہے، جن کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔