وزیر اعظم نریندر مودی آج اترپردیش کے شہر وارانسی میں 4 نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ یہ ریل گاڑیاں بنارس-کھجوراہو، لکھنؤ-سہارنپور، فیروزپور-دلّی اور اِرناکولم-بنگلورو راستوں پر چلیں گی۔ اِن ریل گاڑیوں سے سفر کے وقت میں کمی آئے گی، خطّے میں آمدورفت میں اضافہ ہوگا، سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور ملک بھر میں اقتصادی سرگرمیوں میں مدد ملے گی۔
ریلویز کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی اس موقعے پر موجود ہوں گے۔
وزیر اعظم کَل شام وارانسی پہنچے تھے، جو اُن کا پارلیمانی حلقہ ہے۔ جناب مودی کے وارانسی پہنچنے پر شہر کے لوگوں اور پارٹی کارکنوں میں اُن کا پُر جوش خیرمقدم کیا۔
بنارس کھجوراہو وندے بھارت ٹرین، وارانسی، پریاگ راج، چِترکُوٹ اور کھجوراہو جیسے مشہور مذہبی اور ثقافتی مقامات کا، ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرے گی۔ اِس سے سفر کے وقت میں دو گھنٹے 40 منٹ کی کمی آجائے گی۔ لکھنؤ-سہارنپور، وندے بھارت ٹرین، وسطی اور مغربی اترپردیش کے درمیان چلے گی۔ فیروزپور-دلّی اس راستے پر سب سے تیز رفتار ٹرین ہوگی، جبکہ اِرناکولم-بنگلورو وندے بھارت ٹرین، بڑے IT اور تجارتی مرکزوں کو مربوط کرے گی۔