وزیر اعظم نریندر مودی کَل دو ملکوں برطانیہ اور مالدیپ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں جناب مودی برطانیہ کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ آج دوپہر نئی دلّی میں میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کہا کہ برطانیہ کے اپنے دورے میں جناب مودی اپنے ہم منصب Keir Starmer کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے اور شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم کے اِس دورے کے دوران، بھارت-برطانیہ کلیدی شراکت داری کا مکمل طور پر جائزہ لیا جائے گا جس میں تجارت ومعیشت، ٹیکنالوجی و اختراع، دفاع و سکیورٹی، صحت، تعلیم میں اشتراک اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں پر خصوصی طور پر زور دیا جائے گا۔
بھارت اور برطانیہ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کے بارے میں خارجہ سکریٹری نے کہا کہ طرفین سردست قانونی پہلوئوں اور آخری لمحات کی دیگر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ایک علیحدہ سوال میں خارجہ سکریٹری نے کہا کہ بھارت کو مفرور افراد کی حوالگی کے سلسلے میں بھارت اور برطانیہ کے درمیان تبادلہ خیال بھی ہوا ہے۔برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر وکرم کمار Doraiswami آکاشوانی نیوز کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ وزیر اعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کیلئے سودمند ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ آزاد تجارت سے متعلق معاہدے کا دونوں معیشتوں پر مثبت اثر ہوگا۔
جناب Doraiswami نے کہا کہ وزیر اعظم مودی دونوں ملکوں کے درمیان رشتوں کو کافی اہمیت دیتے ہیں اور انھیں نہ صرف موجودہ سطح بلکہ آئندہ سطح تک بلندی پر لے جانا چاہتے ہیں۔
اپنے دو ملکوں کے دورے کے دوسرے مرحلے کے تحت وزیر اعظم جمعہ کے روز مالدیپ کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ خارجہ سکریٹری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ہفتے کے روز مالدیپ کے 60ویں یوم آزادی کیا تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔