وزیر اعظم نریندر مودی آج مدھیہ پردیش کے دھار ضلعے سے، سوَستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان اور ”آٹھوِیں راشٹریہ پوشن ماہ“ مہم کا آغاز کریں گے۔ وہ ریاست میں ”آدی سیوا پَرو“ کا بھی افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم، دھار ضلعے کے بھینسولا گاؤں میں بھارت کے پہلے ”پی ایم مِتر پارک“ کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
آج مدھیہ پردیش میں دھار ضلعے کے بھینسولا گاؤں میں ایک تاریخی دن ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ”پی ایم مِتر پارک“ کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ یہ، ملک میں اپنے انداز کا پہلا پارک ہے۔ امید ہے کہ اِس پارک سے مدھیہ پردیش کی کپڑے کی صنعت کی نئے سرے سے حوصلہ افزائی ہوگی۔ یہ بھی امید ہے کہ اِس پارک کے سبب نوجوانوں کے لیے روزگار کے تقریباً 3 لاکھ موقعے پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم قبائلی علاقوں میں خدمات پر مرکوز سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آدی سیوا پَرو کا افتتاح بھی کریں گے۔ اِس کے ساتھ ساتھ وہ Suman Sakshi Chatbot اور ”ایک بگیا ماں کے نام“ جیسے اختراعی پروجیکٹوں کا بھی آغاز کریں گے۔
اِس کے علاوہ پردھان منتری ماتر وندنا یوجنا کے تحت راست مالی امداد کی رقم، 10 لاکھ خواتین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔ وزیر اعظم کی آمد کے لیے حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اِس تقریب میں گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ موہن یادو اور بہت سے سینئر رہنما بھی شرکت کریں گے۔