December 16, 2025 9:33 PM

printer

وزیر اعظم مودی نے اردن کا اپنا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرلیا ہے۔ بھارت اور اردن نے پانچ مفاہمت ناموں پر دستخط کئے ہیں

وزیر اعظم نریندر مودی نے اردن کا اپنا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرلیا۔ اس دوران، انھوں نے شاہ عبداللہ دوئم کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور ایک اعلیٰ کاروباری فورم سے بھی خطاب کیا۔ بھارت کی جانب سے یہ پہلا مکمل دوطرفہ رابطہ تھا۔دونوں ملکوں کے درمیان پانچ مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے جن میں ثقافت، قابل تجدید توانائی، پانی کے بندوبست، ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے اور Petra اور Ellora کے تاریخی مقامات کو فروغ دینے کے بندوبست سے متعلق سمجھوتے شامل ہیں۔
دونوں رہنمائوں نے بھارت اور اُردن کے درمیان مضبوط باہمی تجارتی رابطوں کی ستائش کی جن کی قدر 2024 میں دو ارب 30 کروڑ امریکی ڈالر کی رہی، جس سے بھارت، اردن کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا۔ وزیر اعظم مودی نے آئندہ پانچ برس میں دو طرفہ تجارت کو پانچ ارب امریکی ڈالر تک توسیع دینے کی تجویز پیش کی۔ دونوں رہنمائوں نے اُردن-بھارت کاروباری فورم کا بھی خیر مقدم کیا۔ کسٹم میں اشتراک پر بھی توجہ مرکوز کی گئی، جہاں دونوں ممالک نے اِس سلسلے میں موجودہ معاہدے کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ مستقبل کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اردن کی کلیدی جغرافیائی حیثیت کو تسلیم کیا۔ انھوں نے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کو مستحکم کرنے کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔