قومی جمہوری اتحاد NDA کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور نائب وزراء اعلیٰ آج قومی راجدھانی میں عمدہ حکمرانی سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیلئے میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ یہ میٹنگ دن بھر جاری رہے گی۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی میٹنگ کی صدارت کریں گے اور BJP صدر جگت پرکاش نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
NDA کی حکمرانی والی سبھی 20 ریاستوں کے 20 وزرائے اعلیٰ اور 18 نائب وزرائے اعلیٰ آج نئی دلی میں عمدہ حکمرانی سے متعلق معاملات پر بات چیت کریں گے۔ BJP کے عمدہ حکمرانی سے متعلق محکمے کے ذریعے منعقد کی جانے والی اس میٹنگ میں دو قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔پہلی قرارداد میں میٹنگ کے شرکاء بھارتی دفاعی افواج اور وزیراعظم نریندر مودی کو آپریشن سندور کی کامیابی پر مبارکباد پیش کریں گے اور ایک دیگر قرارداد میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائے جانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کیلئے مبارکباد پیش کی جائے گی۔ میٹنگ میں موجود لیڈر NDA کی حکومت والی ریاستوں میں حکمرانی کے بہترین طور طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اپنی ریاستوں کی پہل قدمیوں کو اجاگر کریں گے۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں NDA حکومت کی پہلی سالگرہ، یوگا کے بین الاقوامی دن کی ایک دہائی مکمل ہونے اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق 50ویں لوک تنتر ہتیہ دِوس سمیت آنے والے اہم پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔