مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے نئی دلّی میں اپنی رہائش گاہ پر اعلیٰ سطح کی سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس کا مقصد کَل شام قومی راجدھانی میں لال قلعہ کے قریب، کار دھماکے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری، انٹلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر، دلّی پولیس کمشنر اور قومی تحقیقاتی ایجنسی NIA کے ڈائریکٹر جنرل نے شرکت کی۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نے بھی ورچوئل وسیلے سے شرکت کی۔
اِس دھماکے کے بعد، سبھی حساس علاقوں میں حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ حکام سخت چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں کیونکہ دھماکے کی وجہ اور حالات کا پتہ لگانے اور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے نیز معمول کے حالات بحال کرنے کیلئے تفتیش جاری ہے۔
کَل دلّی میں لال قلعہ کے نزدیک ایک کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور بہت سے زخمی ہوگئے تھے۔ جناب شاہ نے کہا کہ دلّی پولیس، NIA، NSG اور فارینسک ماہرین کی ٹیموں نے تفیش شروع کردی ہے اور دھماکے کی اصل تفصیلات جلد ہی معلوم ہوجائیں گی۔
LNJP اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ 15 لوگوں کو اسپتال لایا گیا تھا، جن میں سے 8 لوگ، اسپتال لانے سے پہلے ہی چل بسے تھے۔ 3 شدید طور پر زخمی ہیں اور ایک کی حالت مستحکم ہے۔
اس سلسلے میں ہیلپ لائن نمبرز ہیں:
دلّی پولیس ایمرجنسی 112
دلّی پولیس کنٹرول روم
صفر ایک ایک، دو دو نو، ایک صفر صفر، ایک صفر یا
صفر ایک ایک، دو دو نو، ایک صفر صفر، ایک ایک۔
LNJP اسپتال کا نمبر ہے،
صفر ایک ایک، دو تین دو، تین تین، چار صفر صفر
اور
ایمرجنسی کا نمبر ہے،
صفر ایک ایک، دو تین دو، تین نو، دو چار نو۔
دلّی فائر سروس کا نمبر ہے، 101
ایمبولنس کا نمبر ہے، 102 یا 108 اور
ایمس کے Trauma سینٹر کا نمبر ہے،
صفر ایک ایک، دو چھ پانچ نو، چار چار صفر پانچ۔
دلّی میٹرو ریل کارپوریشن نے بتایا ہے کہ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن، حفاظتی وجوہات سے بند رہے گا۔ کارپوریشن نے کہا ہے کہ دوسرے اسٹیشنوں پر میٹرو ٹرین کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ لال قلعہ بھی سیاحوں کیلئے جمعرات تک بند رہے گا۔ x