مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ وزارتِ خزانہ 54 مصنوعات کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھ رہی ہے تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ نظرثانی شدہ GST کے فائدے صارفین تک پہنچ سکیں۔ انھوں نے کہا کہ اگلے سلسلے کے GST فوائد سبھی تمام 54 اشیا پر پوری طرح پہنچ رہے ہیں۔ محترمہ سیتا رمن کَل نئی دلّی میں اطلاعات اور نشریات کے وزیر اشونی ویشنو اور کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل کے ہمراہ GST بچت اُتسو کے موضوع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اِن GST اصلاحات پر عمل آوری مرکزی حکومت اور GST کونسل کے درمیان تعاون کی عکاسی کرتی ہے، تاکہ عوام تک زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ GST کی شرحوں میں کمی، عمل کو سادہ بنانا، چار سلیب کو گھٹاکر دو کرنا اور زمرے بندی سے متعلق معاملات کو حل کرنا، یہ سب وہ امور ہیں جنھیں وقت سے بہت پہلے ہی مکمل کرلیا گیا۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ GST دو اعشاریہ صفر اصلاحات نے ملک کی معیشت کو بڑا فروغ دیا ہے، جس سے تہواروں کے سیزن کے دوران، الیکٹرانکس، آٹوموبائلس اور صارفین کی ضرورت کی اشیا جیسے اہم سیکٹروں میں ریکارڈ فروغ کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ اِس برس نوراتری کے موقع پر ریکارڈ فروخت دیکھی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ اِس برس نوراتری کے دوران الیکٹرانکس اشیا کی فروخت میں پچھلے سال کے مقابلے 25 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
GST بچت اُتسو کے سلسلے میں کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ نوراتری کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں بیحد اضافہ ہوا اور الیکٹرانک سیکٹر نے بھی تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ انھوں نے کہا کہ گھٹتے بڑھتے عالمی منظرنامے کے دوران ملک کی ترقی کی رفتار اِس قدر مضبوط ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو بھی ملک کی ترقی کے اپنے تخمینے پر نظرثانی کرکے اِسے چھ اعشاریہ چھ فیصد کرنا پڑا۔ جناب گوئل نے GST اصلاحات کو ہر کنبے کیلئے راحت اور خوشحالی کا ایک ڈبل دھماکہ قرار دیا۔