وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نے قومی سلامتی سے لے کر کھیلوں تک اور سائنسی تجربہ گاہوں سے لے کر دنیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارمز تک، اِس سال ہر جگہ ایک مضبوط پہچان بنائی ہے۔ آج آکاشوانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں، ملک کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے سال 2025 پر ایک نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ اِس سال ایسے کئی لمحات آئے، جن سے ہر بھارتی نے فخر محسوس کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ آپریشن سندور، اِس سال ہر بھارتی کیلئے فخر کی ایک علامت بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے واضح طور پر یہ دیکھ لیا ہے کہ آج کا بھارت اپنی سلامتی کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کرتا۔
جناب مودی نے وندے ماترم کے 150 سال پورے ہونے پر، اِسی طرح کا جذبے اور جوش و خروش کا مظاہرہ کرنے پر لوگوں کی ستائش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کھیلوں کے لحاظ سے بھی سال 2025 ایک یادگار سال رہا اور بھارت کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے ICC چمپئنز ٹرافی جیتی۔
وزیرِ اعظم نے اِس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بھارت نے اِس سال سائنس اور خلاء کے شعبے میں بھی بڑی کامیابی حاصل کی۔ گروپ کیپٹن شبھانشو شُکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے بھارتی بنے۔
جناب مودی نے کہا کہ ماحولیات کو محفوظ رکھنے اور جنگلی جانوروں کے تحفظ سے متعلق کئی کوششیں بھی سال 2025 کی اہم خصوصیات رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 30 سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس سال عقیدہ، ثقافت اور بھارت کی منفرد وراثت، یہ سبھی ایک ساتھ نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ سال کے شروع میں منعقدہ پریاگ راج مہاکنبھ سے پوری دنیا حیران رہ گئی اور سال کے آخر میں ایودھیا میں رام مندر پر دھوجا روہن تقریب نے ہر بھارتی کو فخر سے سرشار کردیا۔
وزیرِ اعظم نے اِس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سودیشی کے تئیں عوام کا جوش و خروش دیکھا جاسکتا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ ملک اب نئی امیدوں اور نئے عزم کے ساتھ سال 2026 میں داخل ہونے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے سبھی کو نئے سال کی مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ وکسِت بھارت یَنگ لیڈرس ڈائیلاگ کا دوسرا ایڈیشن ہونے والا ہے۔ اگلے مہینے کی 12 تاریخ کو سوامی وویکانند کی جینتی کے موقع پر نیشنل یوتھ ڈے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اِسی دن یَنگ لیڈرس ڈائیلاگ منعقد ہوگا اور وہ اِس میں ضرور شامل ہوں گے۔ جناب مودی نے اِس پروگرام میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شرکت پر مسرت کا اظہار کیا۔
جناب مودی نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کی مثال پیش کی، جہاں موسیقی کی ایک چھوٹی سی کلاس نے اب گیتانجلی IISc کی شکل اختیار کرلی ہے۔
وزیرِ اعظم نے زور دے کر یہ بھی کہا کہ ”پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا“ کے تحت سرکار شمسی پینل لگانے کیلئے مستفید ہونے والے ہر کنبے کو تقریباً 75 ہزار روپے سے لے کر 80 ہزار روپے فراہم کررہی ہے۔
وزیر اعظم نے بھارتی زبان اور ثقافت کے فروغ کیلئے Fiji میں کی جارہی قابل تحسین پہل کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے پارلیمانی حلقے کاشی میں کچھ دن پہلے چوتھے ”کاشی تمل سنگمم“ کا اہتمام کیا گیا۔
اگلے مہینے ملک کا 77 واں یومِ جمہوریہ منایا جائے گا۔ اِس تعلق سے وزیر اعظم نے کہا کہ اِس طرح کے موقعوں پر لوگوں کے دِل مجاہدین آزادی اور آئین کے معماروں کے تئیں تشکر کے جذبے سے سرشار ہوجاتے ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ ملک کے ہر حصے کے افراد نے تحریکِ آزادی میں اپنا رول ادا کیا لیکن ایسے کئی سورما ہیں، جنہیں وہ عزت نہیں دی گئی، جس کے وہ مستحق تھے۔ جناب مودی نے کہا کہ اڈیشہ کی پاروَتی گری، اِسی طرح کی ایک مجاہدِ آزادی تھیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں وزیرِ اعظم نے سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تندرست رہیں اور Fit India Movement میں حصہ لیں۔ جناب مودی نے کہا کہ سردی کا موسم ورزش کیلئے بہت موزوں ہوتا ہے۔