وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کو تقسیم کرنے کیلئے سازش کرنے والی قوتوں کے خلاف لوگوں پر متحد رہنے کیلئے زور دیا ہے۔ آج گجرات میں سومناتھ سوابھیمان پَرو تقریبات کے موقع پر ایک وسیع اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم نے وکست بھارت کے مقصد کے ساتھ ساتھ اپنے ماضی کے ساتھ گہرے طور پر وابستہ رہتے ہوئے دیش واسیوں سے کندھے سے کندھا اور دِل سے دِل ملاکر ایک ساتھ آگے بڑھنے کو کہا۔
سومناتھ سوابھیمان پَرو کو بھروسے اور عقیدتمندی کی ایک درخشاں مثال قرار دیتے ہوئے، وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ تہوار نہ صرف تاریخی شان و شوکت کی تقریبات ہیں، بلکہ مستقبل کی نسلوں کیلئے سومناتھ مندر کو قائم رکھنے کا سفر ہے۔
اِس سے قبل آج صبح وزیرِ اعظم نے تاریخی تقریبات کے حصے کے طور پر پربھاس پاٹن میں عظیم الشان ’شوریہ یاترا‘ کی قیادت کی۔ یہ یاترا 108 گھوڑوں پر مشتمل ایک روایتی جلوس تھا، جو صدیوں کے دوران سومناتھ مندر کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے بے شمار جانبازوں کی یاد میں منعقد کیا گیا۔ یاترا کے دوران، وزیرِ اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور نائب وزیرِ اعلیٰ ہرش سنگھوی بھی، وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیرِ اعظم نے سومناتھ مہادیو میں پوجا ارچنا اور پرارتھنا کی۔
بعد میں، دن میں وزیرِ اعظم راجکوٹ میں درخشاں گجرات علاقائی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ وزیرِ اعظم مودی گجرات کے تین روزہ دورے پر ہیں۔