وزیراعظم نریندر مودی کَل سے اُردن کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ جناب مودی، شاہ عبد اللہ دوئم بن الحسین کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی کا یہ دورہ، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر ہورہا ہے۔ اُردن میں 17 ہزار 500 سے زیادہ بھارتی افراد مقیم ہیں، جو وہاں کے اقتصادی اور سماجی تانے بانے کا ایک اہم حصہ بن گئے ہیں۔ یہ افراد ٹیکسٹائلز، تعمیرات اور مینوفیکچرنگ سمیت بہت سے شعبوں میں کام کررہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں گراں قدر تعاون کررہے ہیں۔
اُردن کے ملبوسات اور ٹیکسٹائلز کی صنعت میں بھارت کا حصہ بہت نمایاں ہے۔ ملبوسات سے متعلق تقریباً 15 بھارتی کمپنیاں، لگ بھگ 50 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کے ساتھ اُردن کے کوالیفائیڈ صنعتی زون میں کام کررہی ہیں۔
ٹیکسٹائلز کے علاوہ، اُردن میں بھارتی افراد، حفظان صحت، اطلاعاتی ٹیکنالوجی IT، مالیات سے متعلق خدمات، کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں، یونیورسٹیوں اور کثیر سطحی تنظیموں سمیت مختلف شعبوں میں برسر روزگار ہیں۔ وہاں بھارتی افراد کی قابل بھروسہ اور ہنرمندر افرادی قوت کے طور پر ستائش کی جاتی ہے، جو بھارت کے ساتھ اپنے مضبوط ثقافتی اور سماجی روابط برقرار رکھتے ہوئے اُردن کی اقتصادی ترقی میں اہم تعاون کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی، اُردن کے اپنے اِس پہلے دورے کے دوران، عمان میں بھارتی برادری کے پُرجوش افراد سے بھی ملاقات کریں گے۔