ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
Listen to live radio

October 31, 2025 2:47 PM

printer

وزیراعظم نریندر مودی نے ہر ایک شہری سے زور دے کرکہا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی خیال یا حرکت کو مسترد کردیں، جس سے قوم کا تانا بانا کمزور ہوتا ہو

وزیر اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وِکست بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے خود کو ملک کی ترقی کے تئیں وقف کر دیں۔

سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایکتا نگر میں، راشٹریہ ایکتا دوس تقریبات میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 2014 سے اب تک حکومت نے نکسلزم اور ماؤنواز دہشت گردی کو ایک فیصلہ کن اور طاقتور دھچکہ پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے ملک کے تقریباً 100 اضلاع، ماؤنواز سرگرمیوں سے متاثر تھے، لیکن آج یہ تعداد کم ہوکر محض 11 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج صرف 3 اضلاع، نکسلزم سے متاثر رہ گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے قومی اتحاد کو تقویت دینے کے اجتماعی عزم کو دوہراتے ہوئے کروڑوں عوام کی طرف سے، اتحاد کی حلف برداری میں ملک گیر شرکت کا ذکر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر ایک شہری کو ایسے کسی خیال یا قدم کو مسترد کردینا چاہیے، جس سے قوم کا تانا بانا کمزور ہوتا ہو۔ انہوں نے  اِس طرح کے خیال یا قدم کو مسترد کیا جانا، وقت کی ضرورت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سردار پٹیل نے، 550 سے زیادہ نوابی ریاستوں کو متحد کرکے، بظاہر ناممکن کو، ممکن بنایا ہے، جس سے ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے تصور کو حقیقت میں بدلا جاسکا۔

جناب مودی نے ملک کی لسانی گوناگونیت کو سراہا۔ انہوں نے اِسے بھارت کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک قرار دیا۔ وزیر اعظم نے زبانوں کو اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے سبھی بھارتی زبانوں کو فروغ دینے اور اِن کا تحفظ کرنے کے حکومت کے عزم کو دوہرایا۔

وزیر اعظم نے تعصب سے پاک ترقی اور غریبی کو دور کرنے میں حکومت کی حصولیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دہائی میں 25 کروڑ لوگوں کو غریبی کے دائرے سے باہر نکالا گیا۔ انہوں نے شفاف حکومت، بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور بدعنوانی سے پاک پالیسیوں کو سراہا کہ اِن کی وجہ سے پورے ملک کے عوام جذباتی طور پر ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔

جناب مودی نے ہر ایک شہری سے زور دے کر کہا کہ وہ اتحاد کو قومی طاقت کا منتر بنائے اور سردار پٹیل کے تصور کو یاد رکھے، نیز وہ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور متحد بھارت کیلئے مل کر کام کرے۔