وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نے جرمنی کے ساتھ اپنی دوستی اور ساجھیداری کو مزید مستحکم بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ گجرات کے شہر احمد آباد میں جرمنی کے چانسلر Friedrich Merz کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد چانسلر Merz کے بھارت اور ایشیا کے پہلے دورے سے اِس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اُن کا دورہ ایک خاص وقت میں ہو رہا ہے جس سے باہمی تعلقات کیلئے اِس کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت اور جرمنی کی کلیدی ساجھیداری کو پچھلے سال 25 سال مکمل ہوگئے اور اِس سال دونوں ملک اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ بھارت اور جرمنی جیسی بڑی معیشتوں کے درمیان قریبی اشتراک مجموعی لحاظ سے انسانیت کیلئے اہمیت کا حامل ہے اور بڑھتے ہوئے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات سے کلیدی ساجھیداری میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اور جرمنی کے چانسلر Friedrich Merz کی موجودگی میں بھارت اور جرمنی کے درمیان مفاہمت ناموں کا تبادلہ کیا گیا۔
بھارت -جرمنی CEO فورم سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ بھارت گرین ہائیڈروجن، شمسی اور بایو ایندھن کے شعبے میں دنیا کا سرکردہ ملک بننے کی جانب گامزن ہے۔x