وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پالیسی کے اعتبار سے ان کی حکومت کی سب سے زیادہ توجہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں ہے۔ نئی دلی کے بھارت منڈپم میں آج ویر بال دِوس سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ نوجوانوں کی قوت کی وجہ سے دنیا بھارت کی طرف امید اور توقعات کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام پالیسیاں، خواہ وہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ہو، خلائی معیشت ہو، کھیل کود، مینوفیکچرنگ کی صنعت، مہارتوں کی نشوونما ہو یا پھر انٹرن شپ اسکیم سبھی نوجوان مرکوز ہیں اور ان کا مقصد نوجوانوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج اسٹارٹ اپ سے سائنس تک، کھیلوں سے آنترپرینیورشپ تک نوجوانوں کی طاقت کی نئے انقلابات لا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی جمہوریت کی وسعت گروؤں کی تعلیمات، صاحبزادوں کی قربانی اور قومی اتحاد کے منتر کا احاطہ کرتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صاحبزادوں کی زندگی لوگوں کو سکھاتی ہے کہ وہ ملک کی سالمیت اور نظریات کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ جناب مودی نے کہا کہ صاحبزادوں نے اپنی زندگی قربان کرنا پسند کیا لیکن اپنے عقیدے کی راہ سے ذرا بھی ہٹنے کو تیار نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ویر بال دِوس ہمیں سکھاتا ہے کہ قوم اور اور قومی مفاد سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے پرزور طریقے سے کہا کہ وہ ایک لاکھ ایسے نوجوانوں کو سیاست میں لانا چاہتے ہیں، جن کے خاندان کبھی سرگرم سیاست میں شامل نہیں تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم اگلے 25 برسوں کے لیے بیحد اہم ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ نئی نسل کو سیاست میں لانے کی اِس مہم کا حصہ بنیں۔ جناب مودی اعلان کیا کہ سوامی وویکانند کی سالگرہ کے موقعے پر اگلے برس کے آغاز میں وِکست بھارت- ینگ لیڈر ڈائیلاگ منعقد کیا جائے گا۔