December 9, 2025 10:00 AM

printer

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، کیونکہ وَندے ماترم کی روح اُسے تقویت دیتی ہے

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، کیونکہ وَندے ماترم کی روح اُسے تقویت دیتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وَندی ماترم محض ایک گیت یا نظم نہیں ہے، بلکہ لوگوں کو اُن کے فرائض کے تئیں جگانے کی ترغیب کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وندے ماترم ملک کیلئے تحریک کا وسیلہ ہے، کیونکہ عوام آتم نربھر بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں لگے ہیں۔ وزیراعظم نے قومی گیت وَندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے ضمن میں کَل لوک سبھا میں بحث کے دوران یہ بات کہی۔ قومی گیت وندے ماترم کو سال 1875 میں بنکِم چندر چٹرجی نے لکھا تھا۔

Byte: PM-1

بحث کی شروعات کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ وَندے ماترم کے منتر نے پورے ملک کو توانائی اور تحریک دی، جس سے جدوجہد آزادی کو تقویت حاصل ہوئی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ مسلم لیگ نے سال 1937 میں وَندے ماترم کی مخالفت کی سیاست کا راستہ اپنایا۔ جناب مودی نے وندے ماترم سے سمجھوتہ کرنے پر کانگریس کی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس، قومی گیت کے معاملے پر مسلم لیگ کے آگے جھک گئی۔ وزیراعظم نے الزام لگایا کہ محمدعلی جناح نے وَندے ماترم کے خلاف نعرے لگائے اور اُس وقت کے کانگریس صدر جواہر لال نہرو نے جناح کی مذمت کرنے کے بجائے وندے ماترم پر تحقیق شروع کردی۔ جناح کی جانب سے وَندے ماترم کی مخالفت کرنے کے محض پانچ دن بعد جناب نہرو نے یہ تحقیق شروع کردی۔

Byte: PM-2

بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وَندے ماترم ملک کے ماضی، حال اور مستقبل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی گیت نے مجاہدین آزادی کو برطانوی راج کے خلاف لڑنے کی طاقت دی۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینکاگاندھی واڈرا نے کہا کہ وندے ماترم ملک کی روح ہے اور ہر بھارتی اسے گاتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور نے سال 1896 کے کانگریس اجلاس میں اسے پڑھا۔ محترمہ پرینکا گاندھی نے الزام لگایا کہ وندے ماترم پر کرائی جارہی بحث کا مقصد بے روزگاری اور مہنگائی جیسے اہم موضوعات سے توجہ ہٹانا ہے۔

سماج وادی پارٹی لیڈر اکھلیش یادو نے کہا کہ وندے ماترم نے لوگوں کو متحد کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وندے ماترم کا مقصد فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کرنا تھا۔ BJP رکن پارلیمنٹ بانسری سوراج، انڈین یونین مسلم لیگ کے ET محمدبشیر، سماج وادی پارٹی کی اقراء چودھری، JDU کے لولی آنند، BJP رکن پارلیمنٹ سمبت پاترا اور TMC کے کلیان بنرجی نے بھی بحث میں حصہ لیا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ مجموعی طور پر 66 اراکین نے وَندے ماترم پر ہوئے مباحثے میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک نے یہ دیکھا ہے کہ کس طرح سبھی نے ایوان میں وندے ماترم پر آدھی رات تک بحث کی۔ جناب برلا نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے تعمیری مباحثے ایوان میں منعقد ہوتے رہیں گے۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کی گئی۔×