وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ قومی گیت ’وندے ماترم‘، ایک گیت نہیں بلکہ بھارت کی روح کی عکاسی ہے۔ وزیر اعظم نے آج نئی دلّی میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے ڈیڑھ سو سال پورے ہونے پر سال بھر چلنے والے پروگرام کا افتتاح کیا۔
قومی راجدھانی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ ایک منتر، ایک توانائی، ایک خواب اور ایک عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ کا لب لباب، بھارت، ماں بھارتی اور بھارت کا لافانی تصور ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ ملک کی آزادی کی جدوجہد کی آواز بن گئی تھی۔ یہ ایک ایسا نعرہ تھا جو ہر ایک انقلابی کی زبان پر تھا اور ایک ایسی آواز تھی، جو ہر بھارتی کے احساس کا مظہر تھا۔انھوں نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ ماں بھارتی کے تئیں خود کو وقف کرنے کی عکاسی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ گیت ہمیں ملک کی تاریخ سے جوڑتی ہے اور مستقبل کی طرف راغب کرتی ہے۔ انھوں نے ایک ساتھ مل کر ’وندے ماترم‘ گانے کو ایک بے مثال تجربہ قرار دیا۔ جناب مودی نے کہا کہ بَن کِم چند چٹ اُپادھیائے نے اپنی گیت کے ساتھ ایک آزاد، متحد اور خوشحال بھارت کی پُرزور مانگ کی شروعات کی تھی۔
وزیر اعظم نے اِس موقع پر ایک یادگاری ٹکٹ اور سکّہ بھی جاری کیا۔ انھوں نے ’وندے ماترم‘ ایک سو پچاس ڈاٹ ان پورٹل کا بھی اجرا کیا، جہاں شہری قومی گیت گانے کے ویڈیوز اَپ لوڈ کرکے سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔