وزیراعظم نریندر مودی آج پانچ ملکوں گھانا، ترینیداد اور ٹوبیگو، ارجنٹینا، برازیل اور نامبیبیا کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ جناب مودی اپنے دو روزہ دورے پر آج گھانا پہنچیں گے۔ روانگی کے وقت اپنے بیان میں جناب مودی نے گھانا کو عالمی خطہئ جنوب کا ایک اہم شراکت دار قرار دیا، جو افریقی یونین اور مغربی افریقی ممالک کی اقتصادی کمیونٹی میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاریخی رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں رابطوں کے منتظر ہیں اور توانائی، صحت، سکیورٹی، اعتماد سازی اور ترقیاتی اشتراک سے متعلق امکانات پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم گھانا کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے۔
اس کے بعد جناب مودی کَل دو روزہ دورے پر ترینیداد اور ٹوبیگو روانہ ہوں گے۔ وہاں وزیراعظم مودی ترینیداد کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم ارجنٹینا جائیں گے، جو 57 برس میں بھارتی وزیراعظم کا پہلا باہمی دورہ ہوگا۔ جناب مودی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ارجنٹینا لاطینی امریکہ میں بھارت کا ایک اہم شراکت دار اور جی-20 میں ایک قریبی ساجھیدار ہے۔
وزیراعظم مودی اس ماہ کی 6 اور 7 تاریخ کو برازیل میں برکس سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ایک بانی ممبر کے طور پر بھارت ابھرتی ہوئی معیشتوں کے درمیان اشتراک کے سلسلے میں ایک اہم پلیٹ فارم کے تحت برکس کے تئیں پرعزم ہے۔ اس سربراہ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ ان کے برازیل کے دورے سے قریبی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی خطہ جنوب کی ترجیحات پر پیش رفت کے سلسلے میں برازیل کے صدر Lula Da Silva کے ساتھ کام کرنے کا ایک موقع فراہم ہوگا۔ آخر میں وزیراعظم مودی نامبیبیا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ نامبیبیا کے صدر سے ملاقات کریں گے۔×