منگولیا کے صدر Khurelsukh Ukhnaa آج نئی دلی میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کریں گے اور باہمی تعلقات کے تمام تر پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ بات چیت کے بعد کئی مفاہمت ناموں پر دستخط کیے جانے کی امید ہے۔ منگولیا کے صدر آج شام راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ملنے جائیں گے۔ صدرِ جمہوریہ معزز مہمان کے اعزاز میں ایک ضیافت کا اہتمام کریں گی۔ منگولیا کے صدر بھارت کے چار دن کے دورے پر کَل نئی دلی پہنچے ہیں۔ اُن کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی بھارت آیا ہے، جس میں کابینہ وزراء، ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ عہدیدار، کاروباری رہنما اور ثقافتی نمائندے شامل ہیں۔ صدر کی حیثیت سے جناب Khurelsukh Ukhnaa کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔
بھارت اور منگولیا کے درمیان سفارتی تعلقات 1955 میں قائم ہوئے تھے۔ گذشتہ سات دہائیوں کے دوران دونوں ملکوں نے مشترکہ ثقافتی اور روحانی رابطوں اور جمہوری اقدار کی روشنی میں قریبی اور کثیر رخی ساجھیداری قائم کی ہے۔ یہ ساجھیداری مختلف شعبوں میں کی گئی ہے، جن میں دفاع، سیکیورٹی، پارلیمانی تبادلے، ترقیاتی ساجھیداری، توانائی، کانکنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، حفظانِ صحت اور ثقافتی اشتراک شامل ہیں۔ بھارت اور منگولیا کلیدی ساجھیدار اور روحانی ہمسایہ ملک ہیں۔ منگولیا کے صدر کے سرکاری دورے سے دونوں ملکوں کے رہنماؤں کو باہمی تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لینے، کلیدی ساجھیداری کو مستحکم بنانے کیلئے نظریہ طے کرنے اور علاقائی نیز باہمی مفاد کے عالمی امور پر تبادلہئ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔