وزیراعظم نریندر مودی آج نئی دلی میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بات چیت کریں گے۔ قطر کے امیر بھارت کے دو روزہ سرکاری دورے پر کَل شام نئی دلّی پہنچے۔ اُن کے ہمراہ وزراء، سینئر حکام اور کاروباری وفد سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوائی اڈے پر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا خیر مقدم کیا۔ قطر کے امیر کو آج راشٹرپتی بھون کے سبزہ زار پر رسمی استقبالیہ دیا جائے گا۔ قطر کے امیر شیخ تمیم، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ صدرِ جمہوریہ اُن کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کریں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور قطر کے امیر کے درمیان بات چیت میں بھارت اور قطر کے درمیان باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
قطر کے امیر کے دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ٹیکنالوجی سے متعلق اشتراک جیسے موضوعات ایجنڈے میں سرِفہرست رہیں گے۔ بھارت اور قطر کے درمیان، مختلف سیکٹروں میں باہمی تجارت کو وسعت دینے کے ساتھ مضبوط، اقتصادی شراکت داری ہے۔ قطر کی کمپنیوں نے ملک میں ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور مینوفیکچرنگ صنعتوں میں قابل لحاظ سرمایہ کاری کی ہے جبکہ بھارتی کمپنیوں نے قطر میں مضبوطی کے ساتھ اپنا نام قائم کیا ہے۔ اب جبکہ بھارت نے عالمی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی مرکزکے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا ہے، لاجسٹکِس، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں، ریلیویز اور شاہراہوں، سیمی کنڈکٹرس، خوراک کے تحفظ، ٹیکنالوجی اور اختراع اور الیکٹرک گاڑیوں اور قابل تجدید توانائی کے میدان میں مختلف سیکٹرس، باہمی تجارت کو وسعت دینے کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں۔