وزیراعظم نریندر مودی آج نئی دلّی میں ’مشن موسم‘ کا آغاز کریں گے، جس کا مقصد ملک کو ہر طرح کے موسم کا سامنا کرنے کیلئے تیار کرنا اور آب و ہوا کے تعلق سے اسمارٹ ملک بنانا ہے۔ جناب مودی بھارت منڈپم میں بھارتی موسمیات محکمے کے 150 ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے، اس کا آغاز کریں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔مشن موسم کا مقصد، موسم کی نگرانی کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور نظام تیار کر کے مقررہ اہداف حاصل کرنا ہے۔ یہ مشن اعلیٰ ریزولوشن والی ماحولیاتی مشاہدات، اگلے سلسلے کے رڈارس اور سٹیلائٹس اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل کمپیوٹرس کو نافذ کرے گا۔ یہ مشن، موسم اور آب وہوا کی تبدیلی کے عمل کی تفہیم کو بہتر بنانے اور ہوا کے معیار کے اعداد وشمار فراہم کرنے پر بھی توجہ مرکوز کرے گا، جو طویل مدت کے دوران موسم سے متعلق انتظام اور اقدامات کو حکمت عملی کی شکل دینے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس تقریب کے دوران جناب مودی موسمیات محکمے کی وژن 2047 دستاویز بھی جاری کریں گے۔ اس میں موسم کی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ موسم سے پیدا حالات سے نمٹنے اور آب و ہوا کی تبدیلی کے تعلق سے صورتحال کا سامنا کرنے کے منصوبے شامل ہوں گے۔گزشتہ 150 سال کے دوران بھارتی موسمیات محکمے کی کامیابیوں کو اُجاگر کرنے کیلئے مختلف تقریبات، سرگرمیوں اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ تقریبات موسم اور آب وہوا کی تبدیلی سے متعلق اہم خدمات فراہم کرنے میں IMD کے رول اور تعاون کو اُجاگر کریں گی۔
Site Admin | January 14, 2025 10:28 AM
وزیراعظم نریندر مودی آج نئی دلّی میں ’مشن موسم‘ کا آغاز کریں گے
