وزیراعظم نریندر مودی آج سابق وزیراعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے 101 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر لکھنؤ جا رہے ہیں۔ جہاں وہ وہ دوپہر ڈھائی بجے کے آس پاس راشٹر پریرنا استھل کا افتتاح کریں گے اور وہاں موجود لوگوں سے خطاب کریں گے۔
آزاد بھارت کی سرکردہ شخصیات کی وراثت کے احترام کے وزیراعظم کے نظریے کی روشنی میں راشٹر پریرنا استھل بھارت کے سب سے قابل تعظیم مدبّر کی زندگی، نظریات اور دائمی وراثت کو خراجِ تحسین ہوگا، جن کی قیادت نے ملک کے جمہوری، سیاسی اور ترقیاتی سفر پر گہرا اثر چھوڑا۔
راشٹر پریرنا استھل کو قومی اہمیت کی حامل ایک تاریخی قومی یادگار اور ترغیبی کامپلیکس کی حیثیت سے تیار کیا گیا ہے۔ 65 ایکڑ کے رقبے پر محیط 230 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ کامپلیکس قائدانہ اقدار، قومی خدمت، ثقافتی بیداری اور عوام کو ترغیب دینے کے ایک مستقل قومی اثاثے کے طور پر وقف ہے۔ اس کامپلیکس میں ڈاکٹر شیامہ پرساد مکھرجی، پنڈت دین دیال اپادھیائے اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے 65 فٹ اونچے کانسے کے مجسمے ہیں، جس سے اُن کے سیاسی نظریات، ملک کی تعمیر کے جذبے اور عوامی زندگی کی عکاسی ہوتی ہے۔